پنجاب میں بھورے ریچھ کو پکڑنا غیر قانونی قرار

بھورے ریچھ پالنے کے لئے لائسنس کی فیس 500 روپے سے بڑھا کر 5000 روپے کر دی گئی


آصف محمود January 08, 2020
پاکستان میں بھورے ریچھ کی تعداد 45 کے قریب ہے فوٹو: فائل

پنجاب حکومت نے صوبے میں بھورے ریچھ کو تحفظ شدہ جنگلی جانوروں کا درجہ دیتے ہوئے اپنے وائلڈ لائف ایکٹ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

پنجاب حکومت نے وائلڈلائف اور فشریز کے نئے وزیر کی تعیناتی کے بعد صوبے میں وائلڈلائف کی بحالی اورافزائش کے حوالوں سے اہم فیصلے کیے ہیں۔ پنجاب میں معدومی کے خطرے سے دوچار بھورے ریچھ کو تحفظ شدہ جنگلی جانورقراردے دیا گیا ہے۔ اب بھورے ریچھ کوپکڑنا غیر قانونی تصور ہوگا۔

اعزازی گیم وارڈن پنجاب بدر منیر نے بتایا کہ انہوں نے محکمے کی معاونت سے مختلف تجاویز پنجاب حکومت کو ارسال کی تھیں جس میں وائلڈ لائف ایکٹ میں ترامیم کی سفارشات بھی شامل تھیں۔ انہیں خوشی ہے کہ صوبائی کابینہ نے وہ سفارشات تسلیم کرتے ہوئے ان کو لاگو کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام سے صوبے میں جنگلی حیات انواع میں بہتری آئے گی۔

بدر منیر نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے بھورے ریچھ ور کالے تیتر پالنے کے لئے لائسنس فیس بڑھانے کی منظوری دی ہے۔ 1996 میں یہ فیس 500 روپے تھی ،ہم نے یہ فیس 5 ہزار روپے کرنے کی سفارش کی تھی جس کی منظوری دے دی گئی ہے، اسی طرح بھورا ریچھ جو گلگت بلتستان کے نیشنل پارک میں پایا جاتا ہے اور پورے ملک میں اس وقت جنگلی ماحول میں بھورے ریچھ کی تعداد 40،45 کے لگ بھگ ہوگی۔ یہ معدومی کے خطرے سے دوچارہے اس کی وجہ یہ ہے کہ اس جانور کو وائلڈلائف پروٹیکشن حاصل نہیں ہے اور یہ ہمارے شیڈول میں شامل نہیں تھا جس کی وجہ سے لوگ اسے جنگل سے پکڑتے یا خرید لیتے تھے اور پھر ریچھ اور کتوں کی لڑائی کے علاوہ اس ریچھ کو ڈانسنگ کے لئے استعمال کیا جاتا تھا۔ کالاریچھ پہلے ہی وائلڈلائف پروٹیکشن، پرویزیشن، کنزرویشن اینڈمینجمنٹ ترمیمی ایکٹ 2007 میں شامل ہے۔

بدر منیر نے مزید بتایا کہ پنجاب اڑیال کنزرویشن، پروٹیکشن اینڈ ٹرافی ہنٹنگ رولز 2016 میں ترامیم کی سفارشات بھی منظورکرلی گئی ہیں ۔ اب پنجاب اڑیال ٹرافی ہنٹنگ کو سروے سے مشروط کردیا گیا ہے، اس سے قبل سروے کے بغیر ہی ٹرافی ہنٹنگ کا اعلان کردیاجاتا تھا۔ تاہم اب وائلڈلائف ڈیپارٹمنٹ، جیولوجیکل سروے ، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈاینمل سائنسز اوراین جی اوز ہرسال سروے کریں گی اور سروے رپورٹ کے بعدہی ٹرافی ہنٹنگ کی اجازت دی جاسکے گی، انہوں نے بتایا کہ ٹرافی ہنٹنگ میں ایسے نراڑیال کے شکارکی اجازت دی جاتی ہے جواپنی طبی عمرپوری کرنے کے قریب ہوتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں