ایس ای سی پی نے اکتوبرمیں328 نئی کمپنیاں رجسٹر کیں

19میں چین، امریکا،جرمنی،صومالیہ، ترکی ودیگرممالک کے انویسٹرزنے سرمایہ لگایا


Numainda Express November 09, 2013
ایس ای سی پی کی طرف سے گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایس ای سی پی نے کمپنی کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے ایک سروے کا آغاز کیا ہے۔ فوٹو: فائل

HARIPUR: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اکتوبر کے دوران 328 نئی کمپنیاں رجسٹر کیں جس کے بعد مجموعی رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 62 ہزار 862 ہو گئی۔

ایس ای سی پی کی طرف سے گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایس ای سی پی نے کمپنی کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے ایک سروے کا آغاز کیا ہے، اس میں ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر جا کر شامل ہوا جا سکتا ہے۔ اعلامیے کے مطابق اکتوبر میں رجسٹریشن حاصل کرنے والی کمپنیوں میں 93 فیصد کمپنیوں نے بطور پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی، 1فیصد پبلک لمیٹڈ اور 1 فیصد نے کمپنیز آرڈیننس کی دفعہ 42کے تحت بطور ایسوسی ائیشن رجسٹریشن حاصل کی، اکتوبر میں 19ایسی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں جن میں چین، امریکا، جرمنی، صومالیہ، ترکی، سعودی عرب، افغانستان، کینیڈا، جاپان اور متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کی۔



بیرونی سرمایہ کاری رکھنے والی کمپنیوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعمیرات، زراعت، ٹیکسٹائل، تعلیم، کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جبکہ اکتوبر میں سب سے زیادہ 46کمپنیاں ٹریڈنگ اور 42 خدمات کے شعبے میں رجسٹر ہوئیں جبکہ 41 کمپنیاں سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 24، کارپوریٹ ایگری کلچر فارمنگ میں 15، کمیونیکیشن میں 14 اور تعمیراتی شعبے میں 13کمپنیاںرجسٹر ہوئیں جبکہ گزشتہ ماہ 2 غیر منافع بخش فلاحی تنظیموں کو لائسنس بھی جاری کیے گئے، اس ماہ سب سے زیادہ رجسٹریشن لاہور میں ہوئی جہاں 139کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی ۔

جبکہ اسلام آباد میں 79، کراچی میں 68کمپنیوں نے رجسٹریشن کرائی، کمپنی رجسٹریشن آفس پشاور میں 14اور ملتان میں 15، فیصل آباد میں 5 اور کوئٹہ میں 6 جبکہ سکھر میں 2 کمپنیاںرجسٹر ہوئیں، اکتوبر میں59کمپنیوں کی جانب سے غیر ادا شدہ سرمائے میں اضافے کی درخواستوں کو منظور کیا گیا اور مجموعی طور پر 17ارب 90 کروڑ روپے تک کے اضافے کی منظوری دی گئی،62 کمپنیوں نے ادا شدہ سرمائے کی حد میں اضافے کی درخواستیں دیں اور ان کمپنیوں کے ادا شدہ سرمائے میں 13 ارب 28کروڑ روپے کا اضافہ منظور کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں