بزنس ویزے کاغلط استعمال کراچی چیمبرسے مدد طلب

مقامی فرمزفارن انویسٹرزکیلیے سہولت کاناجائزفائدہ اٹھارہی ہیں،ایڈیشنل ڈائریکٹرایف آئی اے

ایف آئی اے کی موثرحکمت عملی واقدامات کے ذریعے مسافروں کو بہترسے بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، جاوید اکبر ریاض فوٹو فائل

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے جناح ٹرمینل پرغیر ملکی تاجروںوسرمایہ کاروں کے بزنس ویزے کی سہولتوں کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے کراچی چیمبرآف کامرس سے تعاون طلب کرلیا ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹرامیگریشن واینٹی ہیومن اسمگلنگ ایف آئی اے جاوید اکبر ریاض نے کراچی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پرانکشاف کیا کہ جناح ٹرمینل سمیت ملک کے دیگربین الاقوامی ہوائی اڈوں پر مقامی فرمز اور صنعتیں غیرملکی سرمایہ کار و تاجروں کوحاصل بزنس ویزا سہولتوں کا ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہیں جس کی روک تھام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے کی موثرحکمت عملی واقدامات کے ذریعے مسافروں کو بہترسے بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور مختلف ترقی یافتہ ممالک کی طرز پرجناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی آئندہ 20 دنوں میںمزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔




جاوید اکبر ریاض نے ایف آئی اے کو بزنس ویزے کے اجرا کے دوران مسافروں کی جانب سے پیش آنے والی بعض مشکلات کے تناظر میں کراچی چیمبر آف کامرس سے درخواست کی کہ وہ اپنے ممبران کو ہدایت کریں کہ بزنس ویزے کی منظوری کیلیے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے، آئی اینڈ آے ایچ ایس جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو کم از کم 3 دن قبل درخواستیں ارسال کریں تاکہ ان کے غیرملکی مہمانوں کو ایئرپورٹ آمد کے موقع پر بہترانداز میں خدمات فراہم کی جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام درخواستیں کراچی چیمبرآف کامرس سمیت دیگرٹریڈ باڈیزکے ذریعے ارسال کی جائیں اور کراچی چیمبر کا نامزد فرد ان درخواستوں کی جانچ پڑتال کر کے درخواست گزار کی حقیقی غیر ملکی تاجر یا سرمایہ کار ہونے کی تصدیق کرے۔ اس موقع پرکراچی چیمبر کے صدر عبداللہ ذکی نے بزنس ویزے کے غلط استعمال کی نشاندہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایف آئی اے کے ساتھ ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ چیمبر حقیقی تاجروں و سرمایہ کاروں کی کراچی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ پر بزنس ویزے کی سہولت یقینی بنانے میں بھر پور ساتھ دے گا۔ اس موقع پر مفصرعطا ملک، محمد ادریس اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔
Load Next Story