برطانوی شاہی جوڑے کا اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان

مالی طور پر خودمختار ہونے کے لیے اقدامات کریں گے، برطانوی شاہی جوڑا


ویب ڈیسک January 09, 2020
اپنا وقت برطانیہ اور شمالی امریکا کے درمیان گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں، شاہی جوڑے کا بیان فوٹوانسٹاگرام

برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ مالی طور پر خودمختار ہونے کے لیے اقدامات کریں گے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی شاہی جوڑے نے اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ شاہی جوڑے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ مالی طور پر خودمختار ہونے کے لیے اقدامات کریں گے اور وہ اپنا وقت برطانیہ اور شمالی امریکا کے درمیان گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔



اس بیان سے قبل شاہی جوڑے نے ملکہ برطانیہ یا شہزادہ ولیم سمیت کسی شاہی خاندان کے فرد سے مشورہ نہیں کیا جس کے باعث بکنگھم پیلس ان کے اس فیصلے سے مایوس ہے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ شاہی خاندان کے سینئیر ارکان کو اس اعلان سے دکھ پہنچا ہے۔

شاہی جوڑے نے اپنے فیصلے کی تفصیلات اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی پوسٹ کیں اور کہا کہ انھوں نے کئی ماہ تک غورو فکر اور باہمی تبادلہ خیال کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ بیان میں شاہی جوڑے کا کہنا تھا کہ ہم شاہی خاندان کے سینئیر ارکان کی حیثیت سے دستبردار ہونے اور مالی طور پر خود مختار ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ ہم ملکہ برطانیہ کی مکمل معاونت اور حمایت جاری رکھیں گے۔



انھوں نے کہا کہ وہ برطانیہ اور شمالی امریکا میں اپنا وقت گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم وہ ملکہ برطانیہ، دولت مشترکہ، اور شاہی خاندان کی سرپرستی میں اپنے فرائض کی انجام دہی اور ان کا احترام کرتے رہیں گے۔

یہ جغرافیائی توازن ہمیں اپنے شاہی روایت کی تعریف کے ساتھ اپنے بیٹے کی پرورش کرنے کے قابل بنائے گا، جس میں وہ پیدا ہوا تھا، اور ساتھ ہی ہمارے اہل خانہ کو اگلے باب پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کرے گا، جس میں ہمارے نئے خیراتی ادارے کا آغاز بھی شامل ہے۔



بکنگھم پیلس کی خاتون ترجمان نے شاہی جوڑے کے فیصلے پر کہا کہ ڈیوک اور ڈچز کے ساتھ ان کے شاہی حیثیت سے دستبرداری کے فیصلے پر بات چیت 'ابتدائی مرحلے میں' تھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم ان کے مختلف انداز اختیار کرنے کی خواہش کو سمجھتے ہیں، لیکن یہ پیچیدہ معاملات ہیں جن پر کام کرنے میں وقت لگے گا۔



واضح رہے کہ گزشتہ برس شہزادہ ہیری اور ان کے بھائی شہزادہ ولیم کے درمیان کچھ اختلافات کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں اور شہزادہ ہیری نے ایک انٹرویو میں اپنے بھائی شہزادہ ولیم کے ساتھ تعلقات میں دراڑیں پڑنے کے حوالے سے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اوران کے بھائی شہزادہ ولیم مختلف راہوں پر گامزن ہیں۔ میرے اور شہزادہ ولیم کے مابین اچھے دن بھی ہوتے ہیں اور برے بھی۔ ہم بھائی ہیں، اور ہمیشہ بھائی رہیں گے۔

[instagram-post url="https://www.instagram.com/p/B7EaGS_Jpb9/"]

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں