دنیا میں پرامن پاکستان کی پہچان کرانیوالی کینیڈین سیاح روزی گیبریل مسلمان ہوگئیں

خالق کائنات نے مجھے پاکستان بھیجا اسلیے نہیں کہ اپنا درد بھول جاؤں بلکہ صحیح راستہ دکھانے کے لیے، روزی گیبریل


ویب ڈیسک January 09, 2020
اسلام وہ مذہب ہے جس کی دنیا بھر میں غلط تشریح کی جاتی ہے اور سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، روزی گیبریل فوٹوانسٹاگرام

موٹر سائیکل پر تنہا پاکستان کا سفر کرنے والی کینیڈین خاتون سیاح روزی گیبریل نے اسلامی تعلیمات اور پاکستانی ثقافت سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرلیا۔

محض ایک سال قبل روزی گیبریل ایک موٹر سائیکل کے ساتھ پاکستانی کلچر اورخوبصورتی کے بارے میں جاننے کے لیے آئیں اور تنہا موٹر سائیکل پر پاکستان کو دریافت کرنے نکل پڑیں۔ انہوں نے لاہور، سوات، ملتان اور گوادر سمیت متعدد مقامات کا دورہ کیا اور پاکستان کی خوبصورتی کو پہچانا اور اسے دنیا بھر کے لوگوں تک پہنچایا۔

روزی جہاں بھی جاتیں یوٹیوب پراپنے وی لاگز سے پاکستان کی خوبصورتی کے بارے میں لوگوں کو بتاتیں یوٹیوب پر پاکستان سے متعلق ان کی ویڈیوز کو بہت شہرت ملی۔



روزی پاکستانی ثقافت اور اسلامی تعلیمات سے اس قدر متاثر ہوئیں کہ دائرہ اسلام میں داخل ہوگئیں۔ روزی نے انسٹاگرام پر چند تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ اپنے ہاتھوں میں قرآن پاک کو تھامے ہوئے چہرے پر پاکیزہ مسکراہٹ سجائے ہوئے ہیں ایک اور تصویر میں انہوں نے سر پر حجاب بھی باندھا ہوا ہے۔ تصویر کے ساتھ روزی نے خوشخبری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسلام قبول کرلیا ہے۔

دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی خوشخبری کے ساتھ ہی روزی نے کہا گزشتہ سال میرے لیے کافی مشکل تھا۔ کائنات نے مجھے پاکستان بھیجا صرف اس لیے نہیں کہ میں خود کو چیلنج کروں اور اپنے درد کو بھول جاؤں بلکہ مجھے راستہ دکھانے کے لیے۔



بدقسمتی سے اسلام وہ مذہب ہے جس کی دنیا بھر میں غلط تشریح کی جاتی ہے اور سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ دیگر مذاہب کی طرح یہاں بھی بہت ساری تشریحات ہیں لیکن اسلام کے اصل معنی امن، محبت اور اتحاد کے ہیں۔ یہ صرف مذہب نہیں ہے بلکہ زندگی جینے کا راستہ ہے۔

[instagram-post url="https://www.instagram.com/p/B7F7JC-gmPR/"]

واضح رہے کہ روزی گیبریل نے پاکستان کے بارے میں اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہاں آنے سے قبل ہر کسی نے مجھے کہا تھا کہ پاکستان بہت خطرناک ملک ہے اور ایک تنہا خاتون کا پاکستان میں اکیلے سفر کرنا صحیح نہیں ہے لیکن جب وہ پاکستان آئیں تو انہیں صرف محبت اور عاجزی ملی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں