این آئی سی ایچ انکیوبیٹر میں آگ لگنے سے نومولود بچی جل کر جاں بحق

وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے

وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ فوٹو : ایکسپریس

قومی ادارہ برائے صحت اطفال کے انکیوبیٹر میں آگ لگنے سے نومولود بچی جل کر جاں بحق ہوگئی۔

کراچی میں بچوں کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال قومی ادارہ برائے صحت اطفال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں موجود انکیوبیٹر میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث انکیوبیٹر میں موجود نومولود بچی جل کر جاں بحق ہوگئی۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ لگتے ہی وارڈ میں کہرام برپا ہوگیا اور مریضوں کی چیخ و پکار سے وارڈ گونج اٹھا جب کہ انکیوبیٹر میں موجود مزید 5 بچوں کو ان کے اہلخانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکالا۔


نومولود بچی کے والدین بیٹی اقراء کے علاج کے لئے صوبہ پنجاب سے کراچی آئے تھے، بچی کے اہلخانہ نے اسپتال انتظامیہ کو واقعہ کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے جب کہ محکمہ صحت سندھ نے 4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو 3 روز میں واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جمع کرائی گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں والدین خاص طور پربچی کی والدہ کے درد کو محسوس کر رہا ہوں۔

این آئی سی ایچ کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر جمال رضا کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور آگ لگنے کی اصل وجہ تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
Load Next Story