شامی کو ڈیبیو پر 9 وکٹوں کی سلامی کولکتہ ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز ڈھیر

دوسری اننگز168تک محدود، بھارت نے مقابلہ اننگز اور 51رنز سے جیت کر سیریز میں سبقت حاصل کر لی


Sports Desk November 09, 2013
کولکتہ ٹیسٹ: بھارتی فاسٹ بولر شامی ویسٹ انڈین بیٹسمین ڈیرن سیمی کو بولڈ ہونے پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں، انھوں نے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: بی سی سی آئی

ISLAMABAD: شامی کو ڈیبیو پر 9وکٹوں کی سلامی پیش کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کولکتہ ٹیسٹ کے تیسرے روز ہی ڈھیر ہوگئی۔

بھارت نے پہلا ٹیسٹ اننگز اور 51رنز سے جیت کر سیریز میں سبقت حاصل کر لی،217 رنز کے خسارے میں جانے والی مہمان سائیڈ کی دوسری اننگز 168 تک محدود رہی،آخری 9بیٹسمینوں نے 67رنز کے سفر میں وکٹیں گنوائیں، اس سے قبل میزبان نے واحد اننگز میں 453 رنز بنائے، مین آف دی میچ روہت شرما 177اور روی چندرن ایشون 124کی شاندار اننگزکھیل کر رخصت ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق کولکتہ میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے شامی احمد کی ریورس سوئنگ نے ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن کو بے بس کر دیا، 217 رنز کے خسارے میں دوسری اننگز شروع کرنیوالے مہمان بیٹسمین ابتدا میں کچھ مزاحمت کرنے میں کامیاب ہوئے، کرس گیل (33) پر بھونیشور کمار کا شکار بنے،گیند ویرت کوہلی کے ہاتھوں میں محفوظ ہوئی، کیرن پائول 36رنز بناکر ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو مجموعی اسکور101تھا،اس کے بعد بیٹنگ کی تباہی کا آغاز ہوگیا۔



شامی احمد کی گیند مارلون سیموئلز(4) کے پیڈ سے ٹکرائی تو وہ وکٹوں کے عین سامنے تھے، امپائر نے انگلی فضا میں بلند کردی، ایشون نے ڈیرن براوو(37) کو شرما کا کیچ بنوایا، پہلی اننگز میں 4شکار کرنے والے شامی احمد نے دنیش رامدین کو صرف ایک رن پر چلتا کرکے دوسری وکٹ حاصل کی، 125پر نصف ٹیم کے پویلین لوٹنے کے بعد دیگر بیٹسمین بھی ناکام ثابت ہوئے، شامی احمد نے ڈیرن سیمی(8) اور کھاتہ کھولنے کے منتظر شین شلنگفورڈ کی بیلز فضا میں بکھیر دیں،ویرا سیمی پرمول بھی اسکوررکو زحمت دیے بغیر دھونی کے ہاتھوں رن آئوٹ ہوئے، ٹینو بیسٹ 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے،ایشون کی گیند پر کیچ پراگیان اوجھا نے لیا، شیلڈن کوٹریل کو5پر بولڈ کرکے شامی احمد نے ویسٹ انڈیز کی بساط لپیٹ دی، چندر پال 31 رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کے دوران دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا تماشا دیکھتے رہے۔

شامی احمد نے 47 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں، میچ میں مجموعی طور پر انھوں نے118رنز دے کر9 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا،ایشون نے اننگز میں 3 وکٹیں لیں۔اس سے قبل بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 6وکٹ پر 354رنز سے کیا، روہت شرما انفرادی اسکور177تک پہنچا کر امپائر کے غلط فیصلے کا شکار ہوئے، پرمول کی بولنگ پر گیند اسٹمپس سے باہر جا رہی تھی لیکن انھیں ایل بی ڈبلیو قرار دیدیا گیا، یوں ان کی ایشون کے ساتھ 280 کی شراکت کا اختتام ہوا، ساتھی کی جدائی برداشت نہ کرتے ہوئے آل رائونڈر بھی 124پر شلنگفورڈ کی گیند پر بولڈ ہوگئے،بھونیشور کمار(12) شلنگفورڈ کا چھٹا شکار بنے، شامی احمد ایک رن پر اسٹمپڈ ہوئے،کامیاب بولر پرمول رہے، بھارت کی اننگز کا اختتام 453پر ہوا۔ یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلی باری میں 234رنز بنائے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔