یوکرائنی طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہوا شواہد موجود ہیں جسٹن ٹروڈو

طیارہ ایرانی سرزمین سے داغے گئے میزائل کے سبب تباہ ہوا، کینیڈین وزیر اعظم

طیارہ ایرانی سرزمین سے داغے گئے میزائل کے سبب تباہ ہوا، کینیڈین وزیر اعظم (فوٹو: انٹرنیٹ)

امریکا اور یوکرین کے بعد اب کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ یوکرین کا طیارہ ایرانی میزائل لگنے کے سبب گرا جس کے شواہد موجود ہیں۔

کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ منگل کو کینیڈین انٹیلی جنس حکام کو اپنے ذرائع سے اطلاع ملی کہ یوکرین کا ایک طیارہ تباہ ہوگیا، ہمارے پاس شواہد اور اطلاعات ہیں کہ طیارہ ایرانی سرزمین سے داغے گئے میزائل کے سبب تباہ ہوا۔

یہ پڑھیں: یوکرین کا مسافر بردار طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہوا، امریکا


کینیڈا کے وزیر اعظم نے شواہد سے متعلق مزید تفصیلات نہیں بتائیں اور کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ طیارے کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا تاہم اس حادثے کی تحقیقات ہونا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران میں مسافرطیارہ گرکرتباہ؛ 170 مسافرہلاک

اس ضمن میں امریکا کا بھی کہنا ہے کہ طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہوا لیکن امریکا یہ بھی تسلیم کرتا ہے کہ میزائل غلطی سے طیارے کو جالگا جب کہ اس کا ہدف امریکی فوجی تھے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل یوکرین کا طیارہ گرنے کے سبب 176 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں بڑی تعداد ایرانی باشندوں کی ہے۔
Load Next Story