پاکستان کے ارباب اختیار میں صرف چیف جسٹس بہتر ہیں طالبان کمانڈر احسان اللہ احسان
کالعدم تحریک طالبان کے سینئر کمانڈر اور سابق ترجمان احسان اللہ احسان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ارباب اختیار میں اگر کوئی شخص بہتر ہے تو وہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ہیں۔
امریکی جریدے ''نیوز ویک'' کو انٹرویو دیتے ہوئے احسان اللہ احسان نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کا امکان اب صفر سے بھی کم ہے، حکیم اللہ محسود پر ڈرون حملہ پختون روایات کےبھی خلاف تھا کیونکہ آپ کسی کو مذاکرات کا جھانسا دے کر اس پر حملہ نہیں کرسکتے، مذاکرات کا کہہ کر ہمیں اپنی حفاظت سے لاپروا کردیا جاتا ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ احسان الله احسان نے کہا کہ جب حکمران اپنے ملک کی حفاظت نہیں کرسکتے تو انہیں حکمرانی کا بھی کوئی حق نہیں، پاکستان کے حکمران امریکا کے غلام ہیں۔
احسان الله احسان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار پاکستان کی حفاظت کے ذمہ دار ہیں لیکن ڈرون حملے کے بعد وہ اب مگر مچھ کے آنسو بہارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکیم الله محسود کی ہلاکت کا بدلہ لیں گے اور جو بھی طالبان کا مخالف ہے، اسے نشانہ بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور ہائی کورٹ سمیت دوسری عدالتوں کو نہیں مانتے، ہمیں کسی سے خیر کی توقع نہیں تاہم ارباب اختیار میں اگر کوئی شخص بہتر ہے تو وہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن کا حکیم اللہ کو شہادت کا درجہ دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکیم اللہ کی لاش کی تصاویر اور وڈیوز مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔