اسٹیٹ بینک نے حکومت کو قرض دینا بند کردیا

بیرونی قرضوں کو کم کرنے کے لیے حکومتی آمدنی کو بڑھانا ہوگا، گورنر اسٹیٹ بینک


Staff Reporter January 10, 2020
تیل کی قیمتوں میں اضافہ عالمی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نتیجہ ہے، گورنر اسٹیٹ بینک (فوٹو: فائل)

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ حکومت کو اسٹیٹ بینک سے قرض کی ادائیگی بند کردی ہے، اسٹیٹ بینک سے حکومت کو قرضہ نوٹ چھاپ کردیا جاتا ہے، بیرونی قرضوں کو کم کرنے کے لیے حکومتی آمدنی کو بڑھانا ہوگا۔

جمعہ کی شب انسٹی ٹیوٹ آف بینکرز پاکستان کی بینکنگ ایوارڈ کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شرح سود کئی ممالک سے کم ہے، مہنگائی کو دیکھتے ہوئے شرح سود کو بڑھایا گیا، پاکستانی معیشت میں بہتری آئی ہے، مستقبل میں معیشت میں مزید بہتری کے امکانات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ترقیاتی اخراجات میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہے لیکن جی ڈی پی کے تناسب سے ملکی برآمدات میں کمی ہو رہی ہے، پاکستان کا ایکسپورٹ برائے جی ڈی پی تناسب 10 فیصد سے کم ہے، پاکستان میں بچتوں کی شرح خطے میں سب سے کم ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ حالیہ معاشی پالیسیاں گزشتہ معاشی اشاریوں کو بہتر کرنے کے لیے ہے، ایکس چینج ریٹ کو مارکیٹ کی بنیاد پر کرنے کے اقدام سے جاری کھاتوں کے خساروں میں کمی واقع ہوئی، اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ہونے والی کمی کے باعث آئی ایم ایف سے رجوع کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کو اس سطح پر لے کر جانا ہے کہ کسی بھی ممکنہ معاشی دھچکے کو برداشت کیا جاسکے، تیل کی قیمتوں میں اضافہ عالمی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نتیجہ ہے، تجارتی خسارے میں کمی ملک کے لیے خوش آئندہے، حکومت کی معاشی پالیسیوں کے ثمرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں