کراچی میں فائرنگ اور دیگر تشدد واقعات میں مزید 5 افراد جاں بحق

قتل کے واقعات بلدیہ، سرجانی اور قصبہ موڑ کے قریب اسلامیہ کالونی میں رونما ہوئے۔


ویب ڈیسک November 09, 2013
کراچی میں پولیس اور رینجرز کی ملزمان کے خلاف کاروائی کے باوجود ٹارگٹ کلنگ جاری ہے۔ فوٹو: فائل

شہر میں امن و امان کے قیام کے لئے جہاں پولیس اور رینجرز کی کارروائیاں جاری ہیں وہیں ٹارگٹ کلرز بھی اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جنہوں نے مختلف علاقوں میں مزید 5 افراد کو موت کی نیند سلا دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلدیہ ٹاؤن میں خیبر چوک کے قریب کلہاڑی کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ سرجانی ٹاؤن میں جھاڑیوں سے ایک شخص کی گولیوں سے چھلنی لاش ملی۔ قصبہ موڑ اسلامیہ کالونی میں گھر کے باہر بیٹھے ہوئے 30 سالہ راز محمد کو موٹر سائیکل پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

دوسری جانب پولیس اور رینجرر نے مشترکہ کارروائیوں میں دو ٹارگٹ کلرز باسط عرف موت اور نجیب پٹھان کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی سٹی شیراز نذیر کے مطابق گرفتار ملزمان مقتول جبار لنگڑا کے ساتھی ہیں۔ جو پولیس اہلکاروں اور دیگر ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ہیں۔ پاپوش نگر پولیس نے بورڈ آفس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ڈاکو گرفتار کرکے اسلحہ اور چھینے ہوئے 70 موبائل فون برآمد کرلئے۔

رینجرز نے واٹر پمپ چورنگی کے قریب فرید اسکوائر میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی لی اور اس دوران سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق لیاری، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، عباس ٹاون، واٹر پمپ، اورنگی، چنیسر گوٹھ اور دیگر علاقوں میں بھی کارروائیاں کی گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں