کامیابی کا کوئی فارمولا نہیں ہوتا شاید میری قسمت بہت اچھی ہے دپیکا پڈوکون

میں اپنے کردار میں ڈوب جاتی ہوں اس لیے شائقین میرا کام پسند کرتے ہیں،بھارتی اداکارہ


Javed Yousuf November 10, 2013
دپیکا سال رواں میں تین بلاک بسٹر فلموں کیساتھ کامیاب ہیروئن کا کریڈٹ لے گئیں، تینوں فلمیں سوکروڑ کلب میں شامل، ’’رام لیلا‘‘ کے بھی چرچے ہونے لگے۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکارہ دیپکا پڈوکون سال رواں میں اوپر تلے تین بلاک بسٹر فلموں کے ساتھ کامیاب ہیروئن کا کریڈٹ لے گئیں، چوتھی فلم ''رام لیلا'' کے ابھی سے چرچے ہونے لگے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ 2007ء میں بلاک باسٹر فلم ''اوم شانتی اوم'' سے بالی ووڈ میں دھماکے دار انٹری دی اور اس فلم پر بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ بھی لے گئیں ۔ ''اوم شانتی اوم '' کی کامیابی اور پہلی ہی فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ ہیروئن کا کردار اس کے لیے خوش قسمتی کا باعث بنا جس کے بعد اس نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا ۔ 2008ء میں اپنے فرینڈ رنبیر کپور کے ساتھ ''بچنا اے حسینو'' میں جلوہ گر ہوئیں جس میں اس کے علاوہ بباشا باسو اور امیشا لامبا بھی ہیروئن کے طور پر شامل تھیں۔ یہ فلم کامیاب نہ ہو سکی مگر 2009ء میں سیف علی خان نے اپنے ہوم پروڈکشن ''لو آج کل '' میں ہیروئن لیا جس کو ''جب وی میٹ'' کے امتیاز علی نے ڈائریکٹ کیا ، اس فلم میں سیف علیخان اور دیپکا پڈوکون کی جوڑی کلک کر گئی ۔

اس کو دیکھتے ہوئے سیف علی خان نے 2012 ء میں اپنی ہوم پروڈکشن ''کاک ٹیل '' میں اپنی دوست کرینہ کپور کی بجائے دیپکا پڈوکون کا ہی انتخاب کیا یہ فلم بھی باکس آفس پر اپنا اثر دکھانے میں کامیاب رہی۔ اس دوران انھوں نے ''کارتک کالنگ کارتک '' ،''لفنگے پرندے'' ، '' چاندنی چوک ٹو چائنہ'' ، ''کھیلیں ہم جی جان سے'' جیسی فلمیں فرحان اختر ، نیل نتن مکیش اکشے کمار اور ابھیشک بچن کے مقابل کیں جو باکس آفس پر کامیابی حاصل نہ کرسکیں ۔ اس پر فلمی حلقوں میں کہا جانے لگا کہ دیپکا پڈوکون کا فلمی کیرئیر اختتام پذیر ہو رہا ہے۔دیپکا پڈوکون نے روہن سپی کی فلم ''دم مارو دم '' میں زینت امان پر فلمایا جانے والا گیت '' دم مارو دم '' آئٹم سانگ پر پرفارم کیا ۔2010سے 2011ء کے اس مشکل دور میں ہی پرکاش جھا کی ایجوکیشن کے موضوع پر بننے والی فلم ''آردکشن'' نے کسی حد تک اس کے فلمی کیرئیر کو سہارا دیا ۔ اکشے کمار کے ساتھ فلم ''دیسی بوائز'' جیسی کامیڈی رومانٹک فلم بھی کی جو ڈیوڈ دھون کے بیٹے روہت دھون کی بطور ڈائریکٹر پہلی فلم تھی۔



اسی عرصے میں ساجد خان کی کامیڈی فلم ''ہائوس فل'' بھی شامل تھی جس میں ان کے مقابل اکشے کمار ہی تھے۔ 2012ء اس کے لیے کامیابیوں کا سال ثابت ہوا جس میں سیف علی خان کی فلم ''کاک ٹیل'' کامیاب ہو گئی اور سال رواں میں تو اس نے اپنے مقابل کی تمام اداکارائوں کو پچھاڑ کر رکھ دیا ہے۔ سال رواں میں 26جنوری کو عباس مستان کی فلم ''ریس ٹو'' ریلیز ہوئی جس میں سیف علی خان کے ساتھ ہیروئن کا کردار کیا ۔ یہ فلم بھی ''ریس '' کی طرح باکس آفس پر کامیاب رہی۔31مئی کو سابقہ بوائے فرینڈ رنبیر کپور کے ساتھ فلم ''یہ جوانی ہے دیوانی '' نے کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے جو رنبیر اور دیپکا پڈوکون کی علیحدگی کے بعد پہلا مشترکہ پراجیکٹ تھا۔ سال رواں کی تیسری بلاک باسٹر فلم '' چنائی ایکسپریس'' آئی جس میں کیرئیر کا کامیاب آغاز کرنیوالے اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ ہیروئن تھیں، سال رواں کی یہ تینوں فلمیں اب تک بلاک باسٹر ثابت ہوئی ہیں ان تینوں فلموں نے سو کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے۔ پندرہ نومبر کو سنجے لیلا بنسالی کی فلم ''رام لیلا'' ریلیز ہونے والی ہے جس کے گانوں اور پروموز کے ابھی سے چرچے ہونے شروع ہو گئے ہیں جس میں رنویر سنگھ کے ساتھ مرکزی کردار کر رہی ہیں ۔

مذکورہ فلم بھی سال رواں کی میگا بجٹ کی فلم قرار دیا جا رہا ہے جس کا میوزک سنجے لیلا بنسالی نے خود ہی دیا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ سال رواں میں کامیابی کا کریڈٹ اپنے پرستاروں کو دینا چاہونگی جنھوں نے میری ان فلموں کو پسندیدگی کی سند دی۔ دیپکا پڈوکون نے کہا کہ کامیابی کا کوئی فارمولا نہیں ہوتا، میں اپنے کردار میں ڈوب جاتی ہوں اس لیے شائقین میرا کام پسند کرتے ہیں، ہر پروڈیوسر اور ڈائریکٹر اپنے پراجیکٹ پر محنت کرتا ہے، بس فلم بینوں کو کام پسند آنا چاہیے، شاید میری قسمت اچھی ہے کہ سال رواں میں ریلیز ہونے والی ابھی تک کی تمام فلمیں انھیں اچھی لگ گئی ہیں۔ کامیابیوں کے اس سلسلہ کو جاری رکھنے کے لیے پہلے سے زیادہ محنت کر رہی ہوں، جہاں تک منتخب پراجیکٹ کرنے کی بات ہے تو ابھی تک میں جتنے بھی پراجیکٹ کر رہی ہیں ایک دوسرے سے منفرد اور اچھے ہیں جن میں مختلف انداز سے پردہ اسکرین پر دکھائی دونگی۔ تامل فلموں کے سپراسٹار رجنی کانت کے ساتھ 13دسمبر کو ''دی لیجنڈ'' بھی ریلیز ہو گی جو میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں