حکومت نے خود آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کو پیچیدہ بنایا فضل الرحمان

حکمرانوں نے قوم کو قبر میں اتار دیا ہے ان سے جان چھڑوانا قومی فریضہ بن چکا ہے، سربراہ جے یو آئی


ویب ڈیسک January 11, 2020
اگلے ماہ دوبارہ عوام میں آئیں گے اور احساس دلائیں گے کہ وہ اکیلے نہیں، سربراہ جے یو آئی۔ فوٹو:فائل

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہمارا مسئلہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نہیں، حکومت نے خود عدالت میں سمریاں بھیج کر اس معاملے کو پیچیدہ بنایا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارا مسئلہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ نہیں اس پر سیاست نہیں کرنا چاہتے یہ قومی مفاد کا مسئلہ تھا، حکومت نے خود عدالت میں سمریاں بھیج کر اس معاملے کو پیچیدہ بنایا، توسیع کے معاملے کو بے توقیر کرنے کی کوشش کی گئی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کو ووٹ دینے پر کہوں گا کہ کسی بھی جماعت یا شخصیت کا ایک بیانیہ ہوتا ہے ہم نے اپنے بیانیہ پر پورے ملک میں ملین مارچ آزادی مارچ کئے، جب حکومت توسیع کے معاملے پر سپریم کورٹ گئی دیکھا تو قانون ہی نہیں، جب ہم نے یہ دیکھا تو ہم نے قانون سازی میں حصہ نہیں لیا، ناجائز اسمبلی اور نااہل ہونے کے حوالے سے اپنے بیانیہ کو ترویج دی۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ نااہل حکمران کیوں قوم پر حکومت کریں آزادی مارچ میں عوام کا فیصلہ سامنے آ گیا تھا، قوم اس وقت اس پوزیشن میں ہے اسے قبر میں اتار دیا گیا ہے ملک کو کہاں کے جانا چاہتے ہیں، حکمرانوں سے جان چھڑوانا قومی فریضہ بن چکا ہے، اگلے ماہ دوبارہ عوام میں آئیں گے اور احساس دلائیں گے کہ وہ اکیلے نہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں