افغانستان میں باردوی سرنگ دھماکے میں 2 امریکی فوج ہلاک

فوجی کارروائی کے دوران ہونے والے بارودی سرنگ دھماکے میں 2 امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے


ویب ڈیسک January 11, 2020
دھماکے میں نیٹو کی فوجی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، فوٹو : فائل

افغانستان میں ایک فوجی کارروائی کے دوران سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ زوردار دھماکے سے پھٹ گئی جس کی زد میں آکر 2 امریکی فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق امریکی فوجی ضلع قندھار میں طالبان جنگجوؤں کے خلاف آپریشن میں مصروف تھے کہ فوجی گاڑی سڑک کنارے دبی بارودی سرنگ پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا، دھماکے میں 2 امریکی فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ 2 کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

نیٹو کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ اہلکار ایک مشن کی تکمیل پر مامور تھے، ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ سے اجازت اور تصدیق کے بعد شناخت ظاہر کی جائے گی۔ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے جب کہ نیٹو کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ملک کے ایک فوجی کی ہلاکت پر معطل کردیئے تھے تاہم 3 ماہ بعد دوبارہ بحال ہونے والے مذاکرات امریکی فوجی کیمپ پر حملے اور ایک اہلکار کی ہلاکت کے بعد دوبارہ تعطل کا شکار ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں