’میرے پاس تم ہو‘ کے مصنف نے دوسری شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

فلم کاف کنگنا کے ہدایت کار خلیل الرحمان کے ساتھ فلم کی ہیروئن ایشال فیاض کی دوسری شادی کی خبریں گرم ہیں

سوشل میڈیا پر خلیل الرحمان کی اداکارہ ایشال فیاض کی دوسری شادی کی خبریں گرم ہیں، فوٹو : فائل

رواں سیزن میں چھپر پھاڑ کر مقبولیت حاصل کرنے والے ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کے ڈائیلاگ، اداکار اور فقروں کے علاوہ خود مصنف خلیل الرحمان بھی خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں تاہم اس بار خلیل الرحمان اپنی ذات سے متعلق ایک خبر پر وضاحت دینے خود میدان میں آگئے۔

کامیاب ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کے مصنف خلیل الرحمان نے ویسے تو 1985ء میں اپنی کزن کے ساتھ 'لو میرج' کی تھی اور کامیاب ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں تاہم ایسا کیسے ممکن ہے کہ کوئی شہرت کی بلندیوں پر ہو اور اس کا اسکینڈل نہ بنے۔

خبریں گرم ہیں کہ معروف رائٹر خلیل الرحمان نے اپنی فلم 'کاف کنگنا' کی ہیروئن ایشال فیاض کے ساتھ دوسری شادی کرلی ہے۔ ایک پروگرام میں خلیل الرحمان کی اہلیہ سے بھی اینکر نے یہ سوال پوچھا تاہم انہوں نے کوئی جواب دیا جس پر افواہوں نے مزید زور پکڑ لیا۔




اس بے پر کی خبر پر خود ایشال فیاض نے بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں خلیل الرحمان کا بے حد احترام کرتی ہوں اور احترام کے اس رشتے کو کسی اور رشتے سے جوڑنے کی مکمل تردید کرتی ہوں، یہ مکمل طور پر ایک جھوٹی خبر ہے۔

ایشال فیاض کی جانب سے مکمل تردید کے باوجود شادی کی خبروں کا زور نہ ٹوٹا تو مصنف خلیل الرحمان نے سوشل میڈیا پر دوسری شادی کی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذاتی زندگی کو نشانہ بنانا اور کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ایک شرم ناک عمل ہے۔
Load Next Story