ہائی روف وین اور رکشا میں آتشزدگی 6 چراغ گل

خاتون اور 4 بچوں سمیت 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

خاتون اور 4 بچوں سمیت 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ فوٹو:فائل

نارتھ کراچی میں ہائی روف وین اور رکشا میں آتشزدگی کے نتیجے میں خاتون اور 4 بچوں سمیت 6 افراد جھلس کر جاں بحق جب کہ 5 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دو منٹ چورنگی کے قریب سوزوکی ہائی روف اور رکشا میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی ۔آتشزدگی کے دوران سوزوکی ہائی روف میں سوار افراد کی چیخ و پکار مچ گئی اور موقع پر موجود افراد کی بڑی تعداد نے سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پاتے ہوئے ہائی روف وین میں سوار جھلسنے والوں کو تشویشناک حالت میں ایدھی اور چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال پہنچایا جا رہا تھا کہ خاتون اور 4 بچوں سمیت 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔


ایس ایس پی سینٹرل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ حادثے کا شکار خاندان سرجانی کے علاقے تیسر ٹاؤن کے رہائشی تھے اور گاڑی میں 2 سگے بھائی اپنی فیملی کے ہمراہ گلشن اقبال ضیا کالونی میں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ اچانک ان کی گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی تاہم فوری طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آگ لگنے کی وجوہات کیا تھیں تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔

جل کر خاکستر ہونے والی سوزوکی ہائی روف میں سی این جی کا سلنڈر نصب تھا جسے کوئی نقصان نہیں پہنچا ، ہائی روف وین میں میں آتشزدگی کے حوالے سے اس بات بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سی این جی کی بندش کے باعث رکشا اور دیگر گاڑیوں میں بوتلوں اور پلاسٹک کین میں پٹرول بھر کر گاڑی کے اندر رکھ کر اسے چلایا جا رہا ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ ممکنہ طور پر گاڑی کے اندر پٹرول کا کین تو نہیں رکھا گیا تھا جیسا رکشا ڈرائیور پٹرول سے بھری ہوئی بوتلیں رکشا میں پائپ کے ساتھ باندھ کر چلا رہے تھے ۔
Load Next Story