قومی کرکٹرز کی فٹنس ہر 2ماہ بعد جانچی جائے گی

بعض آزمائشوں میں چندپلیئرزپیچھے رہے مگرمجموعی طور پربہتری آئی،مصباح الحق

بعض آزمائشوں میں چندپلیئرزپیچھے رہے مگرمجموعی طور پربہتری آئی،مصباح الحق۔ فوٹو : پی سی بی

TURBAT:
قومی کرکٹرز کی فٹنس ہر 2ماہ بعد جانچی جائے گی جب کہ مصباح الحق نے قومی کرکٹرز کی فٹنس انٹرنیشنل معیار کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ انٹرویو میں مصباح الحق نے کہاکہ فٹنس ٹیسٹ کا مقصد کرکٹرز کو ہمہ وقت چیلنجز کے لیے تیار رکھنا ہے، پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں دوران ٹیسٹ کھلاڑیوں کی فٹنس کے معیار میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی، بعض آزمائشوں میں چند کرکٹرز تھوڑا پیچھے ہوں گے لیکن مجموعی طور پر گذشتہ ٹیسٹ کی بانسبت نتائج کافی بہتر رہے، پہلے پاکستان میں فٹنس کی پرکھ ملکی معیار کے مطابق ہوتی تھی، اب ہم انٹرنیشنل تقاضوں پر پورا اتر رہے ہیں۔


انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو معیار برقرار رکھنے کیلیے فٹنس کو اپنے مزاج اور معمولات کا حصہ بنانا ہوگا، سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ انٹرنیشنل کرکٹرز ہی نہیں ڈومیسٹک پلیئرز کے فٹنس ٹیسٹ بھی ہر 2ماہ بعد کرائے جائیں گے، ماضی میں کوئی انٹرنیشنل سیریز نہ ہو رہی ہو تو فٹنس پر توجہ دینے کی ضرورت محسوس نہیں کی جاتی تھی، اب اس کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے کہ سپر فٹ رہنے کیلیے کھلاڑیوں کو سخت محنت کا سلسلہ ہر صورت جاری رکھنا چاہیے۔

مصباح الحق نے کہا کہ پلیئرز ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کررہے ہوں تب بھی فٹنس کی جانچ اپنی جگہ اہمیت رکھتی ہے،کسی کو اس بنیاد پر چھوٹ نہیں دی جا سکتی کہ وہ ملکی سطح کے مقابلوں میں پرفارم کررہا ہے۔

 
Load Next Story