ایف بی آربدعنوان ملازمین کیخلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کریگا ابتدائی فہرست تیار

ایف بی آرنے ملک بھر سے ابتدائی طور پر 50 سے زائد افسران و اہلکاروں کی فہرست تیار کی ہے۔

ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس دہندگان کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائیگا۔ فوٹو: فائل

SIALKOT:
ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے کرپشن و بدعنوانیوں کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا دائرہ ملک بھر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔


ایف بی آرکے سینئر افسر نے بتایا کہ ایف بی آرنے ملک بھر سے ابتدائی طور پر 50 سے زائد افسران و اہلکاروں کی فہرست تیار کی ہے جو ٹیکس دہندگان کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے ریونیو کی مد میں قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس دہندگان کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائیگا اور ان افسران کے خلاف آرڈر جاری کیے جائیں گے جن کے تحت ان افسران و اہلکاروں کو معطل کیا جائے گا اور ان کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

جس کے تحت ان کے اثاثہ جات چیک کیے جائیں اور جو بھی افسران و اہلکار ٹیکس دہندگان کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے غیر قانونی اثاثہ جات بنانے میں ملوث پائے جائیں گے ان کے اثاثہ جات ضبط کیے جائیں گے اور انکی طرف سے جن ٹیکس دہندگان کو ٹیکس چوری کرنے کیلیے معاونت فراہم کی گئی ہوگی ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ایف بی آر نے گٹھ جوڑ کرنے والے ان افسران کے خلاف محدود پیمانے پر کارروائی شروع کی ہے جس کے تحت کراچی میں ایک افسر کو فارغ کیا گیا ہے لیکن اب اس کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلایا جا رہا ہے جس کے تحت ایسے افسران جن کی طرف سے بار بار مہلت دینے کے باوجود اپنے اور اپنے بیوی بچوں کے اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائیگی۔
Load Next Story