بھارت کا جھوٹا فلیگ آپریشن ناکام سکھ پولیس افسر 2 کشمیریوں کو لے جاتے ہوئے گرفتار

صدارتی ایوارڈیافتہ ڈی ایس پی دیویندرسنگھ حزب المجاہدین کے نوید اور آصف کو گاڑی میں دہلی لے جارہا تھا


News Agencies January 13, 2020
ڈی ایس پی دیویندرسنگھ کی سرینگر ایئرپورٹ پراینٹی ہائی جیکنگ ٹیم کے طور پر تعیناتی تھی۔ فوٹو: فائل

MANCHESTER: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے رچایا جانے والا فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ ناکام ہوگیا۔ضلع گولگام کے علاقے ونپوہ کے قریب جموں، سرینگر شاہراہ پر ایک صدارتی ایوارڈ یافتہ سکھ ڈی ایس پی دیویندرسنگھ حزب المجاہدین سے تعلق رکھنے والے 2کشمیریوں نوید بابواور آصف کواپنی گاڑی میں دہلی لے جاتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ۔

پاکستان کافی عرصہ سے عالمی برادری کو باور کرارہا تھا کہ بھارت کوئی جعلی آپریشن کرکے اس کا الزام پاکستان پر لگا سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بھی کوئی بھارتی چال ہوسکتی ہے جس کے تحت وہ ان کشمیریوں سے دہلی میں ممبئی حملوں جیسی کوئی بڑی کارروائی کروا کر الزام پاکستان پر لگا سکتا تھا بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار ڈی ایس پی دیویندرسنگھ ماضی میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں کافی سرگرم رہا ہے اور گزشتہ سال 15 اگست کو یوم آزادی کی تقریب میں اسے بہادری کے صدارتی پولیس میڈل سے نوازا گیا تھا۔



گزشتہ روز وہ نوید بابواورآصف کے ساتھ ایک ہی گاڑی میں دہلی جارہا تھا کہ جموں کشمیر پولیس نے کولگام کے قریب ناکے پر انھیں گرفتار کرلیا،نصیربابو بھی سابقہ پولیس کانسٹیل ہے جو اپنی جائے تعیناتی سے سرکاری رائفل سمیت فرار ہوکر مجاہدین سے مل گیا تھا ۔نوید بابو کے خلاف پولیس اہلکاروں کے قتل سمیت 18 ایف آئی آرز درج ہیں۔ اس پر مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کے بعد گیارہ غیرمقامی مزدوروں کوہلاک کرنے کا بھی الزام ہے۔ جموں کشمیر پولیس کے مطابق بادامی باغ چھاؤنی میں واقع دیویندرسنگھ کے گھر سے ایک کلاشنکوف رائفل اور دوپستول برآمد ہوئے ہیں جبکہ نویدبابوکی نشاندہی پر بھی ایک کلاشنکوف اور ایک پستول برآمد کیا گیا ہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس بات کی تفتیش کی جارہی ہے کہ نویدبابواور آصف پولیس افسر دیویندرسنگھ کی مدد سے دہلی کیوں جارہے تھے؟پولیس کا کہنا ہے کہ دیویندرسنگھ ہفتہ کے روز ڈیوٹی سے غیرحاضر تھا تاہم اس نے چار روز کی چھٹی کی درخواست دے رکھی تھی۔

واضح رہے کہ دیویندر سنگھ اس وقت بھی بھارتی میڈیا کی شہ سرخیوں میں آیا تھا جب بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ کیس میں سزائے موت پانے والے کشمیر ی رہنما افضل گرو نے 2013ء میں پھانسی سے قبل ایک خط لکھ کر بتایا تھا کہ دیویندرسنگھ نے اسے پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والے ملزموں میں سے ایک کو اپنے ساتھ دہلی لے جانے اوروہاں رہائشی سہولت فراہم کرنےکیلیے کہا تھا ۔

مقبوضہ کشمیر کے آئی جی پولیس وجے کمار نے اتوارکے روز اپنی پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ڈی ایس پی دیویندرسنگھ کی سرینگر ایئرپورٹ پراینٹی ہائی جیکنگ ٹیم کے طور پر تعیناتی تھی۔

ان گرفتاریوں پر پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے ٹویٹ کیا ہے کہ کنٹرول لائن پر ہلاکتوں اور نعشوں کی بے حرمتی کے بعد یہ کارروائی ایک ناکام فالس فلیگ آپریشن معلوم ہوتی ہے جس میں بھارت 2001 ء میں دہلی اور 2008ء میں ممبئی حملوں جیسی کوئی کارروائی کرنا چاہتا تھا لیکن وہ اس میں ناکام ہوگیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملزموں سے ہونے والی تفتیش کو منظرعام پر لایا جائے گا اورگرفتار ملزم کسی جیل میں لسٹڈ پائے جائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں