افغان فضائیہ کے حملے میں طالبان کمانڈر محب اللہ ہلاک

افغان فضائیہ نے طالبان کمانڈر کی گاڑی کو نشانہ بنایا


ویب ڈیسک January 13, 2020
افغان فضائیہ نے طالبان کمانڈر کی کار کو نشانہ بنایا، فوٹو : افغان میڈیا

LIVERPOOL: افغانستان میں ایک فضائی حملے میں طالبان کمانڈر محب اللہ کی کار کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں ان کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان کے اہم کمانڈر محب اللہ اپنی کار میں قندوز کے دورے پر آئے تھے جہاں انہیں طالبان جنگجوؤں سے ملاقات کرنا تھی۔ انٹیلی جنس ادارے نے صوبے میں کمانڈر کی آمد سے افغان فوج کو آگاہ کردیا۔

ترجمان وزارت دفاع کا کمانڈر محب اللہ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا ہے کہ افغان فوج نے کمانڈر کو نشانہ بنانے کے لیے زمینی کارروائی کے بجائے فضائی حملے کا انتخاب کیا اور ان کی گاڑی کو نشانہ بنا ڈالا۔ فضائی حملے میں کمانڈر کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور کمانڈر محب اللہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

صوبے قندوز میں طالبان جنگجو کافی متحرک ہیں اور کئی اضلاع میں ان کا تسلط تاحال برقرار ہے تاہم طالبان کی جانب سے اپنے اہم کمانڈر کی ہلاکت پر کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔ اس علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات تعطل کا شکار ہیں اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کیساتھ کیساتھ طالبان جنگجوؤں کے حملوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں