دیس بدیس کے کھانے

مختلف اقسام کی مزیدار روٹیاں بنانے کی بہترین ترکیبیں۔


Shahida Rehana January 14, 2020
مختلف اقسام کی مزیدار روٹیاں بنانے کی بہترین ترکیبیں۔ فوٹو: فائل

تل والی روٹی
اجزا:
سفید آٹا (آدھا کلو)
خشک دودھ (آدھی پیالی)
تل (حسب پسند)
چینی(ایک چائے کا چمچا)
نمک (ایک چائے کا چمچا)
گھی (50گرام)

ترکیب:
آٹے میں آدھے تل سمیت تمام اجزا ڈال کر نیم گرم پانی سے گوندھ لیں، پھر مناسب حجم کے پیڑے بنا کر روٹی بیل لیں پھر تھوڑے سے تل اوپر سے چھڑک کر ہاتھ سے دبادیں اور توے پر ڈال کر سینک لیں، سینکتے وقت مکھن یا گھی بھی لگادیں اوون میں بھی اسی طرح بنا سکتی ہیں۔

...
چاول کے آٹے کی روٹی
اجزا:
چاول کا باریک پسا ہوا آٹا (آدھا کلو)
اصلی گھی یا مکھن (حسب ضرورت)
نمک (حسب ذائقہ)

ترکیب:
آٹے میں نمک ڈال کر گاڑھا گاڑھا آمیزہ بنالیں جیسے ''ڈوسے'' کا ہوتا ہے، اب ایک نان اسٹک توے پر مکسچر ڈال کر اسے روٹی جتنا توے پر پھیلا دیں اور ایک کفگیر سے اسے پلٹ کر گھی لگا دیں، دونوں جانب سے گھی لگاکر سینکیں، نان اسٹک توا نہ ہو تو فرائینگ پین میں گھی ڈال کر پھر یہ آمیزہ ڈال کر روٹی جتنا بڑا کرلیں اور دونوں جانب سے گھی لگاکر سینکیں، روٹی پلٹنے کے لیے لکڑی کا پتلا چمچا استعمال کریں، ورنہ روٹی ٹوٹ جائے گی، روٹی کو پلٹتے وقت اور نکلتے وقت بہت احتیاط کریں۔ اچھا یہ ہے کہ چھوٹی چھوٹی روٹیاں بنائیں اور گرم گرم ہی کھائیں ورنہ یہ ٹھنڈی لطف نہیں دے گی۔

...
قیمے کے نان
اجزا:
آٹا (آدھا کلو)
میدہ (250 گرم)
نمک (حب ذائقہ)
پکا ہوا قیمہ (آدھا کلو)
کھانے کا سوڈا (دو چٹکی)
تیل (ایک چمچا)

ترکیب:
سوڈا، میدہ، آٹا، نمک، تیل ڈال کر ملا لیں اور پھر نیم گرم پانی سے گوندھ لیں مناسب سائز کے پیڑے بنائیں۔ پیڑوں کو ہتھیلی پر رکھ کر کٹوری جتنا پھیلالیں، پھر اس میں پکا ہوا قیمہ بھر کر دوبارہ سے پیڑے کو بند کر لیں اور پراٹھے کی طرح بیل کر توے پر فرائی کرلیں یا پھر پیڑوں میں قیمہ ٹھنڈا کر کے بھر میں اور ململ کے کپڑے سے ڈھک کر آدھے گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں پھر اوون میں روٹی کی طرح پھیلاکر نان بنالیں یا پھر تندور پر بھیج کر نان بنوالیں ور اوپر سے مکھن لگالیں۔

...

میٹھی روٹی
اجزا:
میدہ (ایک کلو)
ملائی (آدھا کلو)
چھے چھوٹی الائچی کے پسے ہوئے دانے
زردے کا رنگ (چٹکی بھر)
پسے ہوئے بادام پستے اور کھوپرا(50،50گرام)
دودھ (حسب ضرورت)
چینی (حسب ذائقہ)
تلی ہوئی کشمش (آدھی پیالی)
کھانے کا سوڈا (چوتھائی چائے کا چمچا)
تل (حسب ضرورت)
اصلی گھی یا مکھن (حسب ضرورت)

ترکیب:
چینی کی جگہ گڑ، پاکستانی چینی، براؤن شوگر بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔ آٹے میں تمام اجزا ملائیں اور نیم گرم دودھ سے گوندھیں اور گوندھا ہوا آٹا کم از کم ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کے لیے ڈھک کر رکھ دیں اب مناسب سائز کی روٹیاں بیل کر ان پر تل چھڑک کر اوون میں بیک کرلیں یا تل چھڑک کر توے پر چھوٹے چھوٹی روٹیاں دھیمی آنچ پر سینک لیں اوپر سے مکھن یا مارجرین لگاکر نوش کریں۔

...

ورقی پراٹھا
اجزا:
میدہ (آدھا کلو)
نمک (حسب ذائقہ)
چینی (2 چائے کے چمچا)
اصلی گھی (2کھانے کے چمچے)
کریم (دوکھانے کے چمچے)
عرق گلاب (چند قطرے)

ترکیب:
میدے میں تمام اجزا شامل کر کے نیم گرم پانی سے گوندھ لیں اب اس کے پیڑے بنا کر روٹی بیلیں اس پر گھی لگائیں اور اسے رول کرلیں اور رول کو گھما گھما کر پھر سے پیڑا بنالیں اور بیل کر روٹی کی شکل دے دیں اور توے پر گھی ڈال کر تل لیں۔ کلیجی، گولا کباب، سیخ کباب، دم کا قیمہ یا شامی کباب سے کھائیں یا پھر انڈے کے آملیٹ یا چائے کے ساتھ بھی یہ پراٹھا بہت ذائقے دار معلوم ہوگا۔

...

خستہ پوریاں
اجزا:
میدہ (115 گرام)
آٹا (115 گرام)
گھی (ایک ٹی اسپون)
نمک (حسب ذائقہ)

ترکیب:
میدہ، آٹا نمک اور گھی کو نیم گرم پانی سے گوندھ لیں، چھوٹے چھوٹے پیڑے بناکر رکھ لیں، کڑھائی میں گھی گرم کریں اور پوریاں تل لیں، گھی، کڑھائی میں اتنا ڈالیں کہ پوری کو پلٹنا نہ پڑے، بلکہ پوری گھی میں ڈال کر جب وہ اوپر آئے تو کفگیر سے اسے ہلکا سا گھی میں ڈبوئیں اور باہر نکال لیں۔

...

شیر مال
اجزا:
میدہ (455 گرام)
گھی (230 گرام)
پسی ہوئی چینی(40 گرام)
دودھ (تین پاؤ)
نمک (دو تین چٹکی)
کھانے کا سوڈا (ایک ٹی اسپون)
انڈا (ایک عدد)
کیوڑا (ایک چائے کا چمچا)
چار الائچیوں کے پیسے ہوئے دانے
خمیر (ایک پیلٹ)

ترکیب:
میدے میں تمام اجزا شامل کر کے نیم گرم دودھ سے گوندھ لیں اور ململ کا گیلا کپڑا ڈال کر کسی نچلی جگہ پر یا گرم جگہ پر رکھ دیں، دو تین گھنٹے بعد میدے کے درمیانی سائز کے پیڑے بنالیں اور گھی کے ساتھ تندور والے کو دے کر شیرمال تیار کروالیں یا پھر درمیانے حجم کی روٹی بیلیں اوون کی ٹرے پر گھی لگائیں روٹی پر گھی لگائیں اور چھری کی نوک سے روٹی میں سوراخ کر دیں اور شیر مال ٹرے میں رکھ کر سنہری ہونے تک پکائیں، سنہری ہو جائیں، تو باہر نکال کر ان پر پانی کا چھینٹا ماریں تاکہ وہ نرم ہو جائے دو چار سیکنڈ کے لیے دوبارہ اوون میں رکھیں اور نکال کر گیلے ململ کے کپڑے میں تب تک رکھیں جب تک تھوڑے سے ٹھنڈے نہ ہوجائیں، پھر اوپر سے مکھن چھڑک کر ہاٹ پاٹ میں رکھ لیں۔

...

لچھے دار پراٹھا
اجزا:
میدہ /آٹا (130 گرام)
نمک (حسب ضرورت)
گھی (60 گرام)
میدہ (30 گرام)

ترکیب:
میدے میں نمک اور گھی کو ہاتھوں سے اچھی طرح ملائیں اور نیم گرم پانی سے گوندھ لیں۔ اب 60 گرام گھی اور 30 گرام میدے کو ملا کے آمیزہ بنالیں۔ میدے کے مناسب سائز کے پیڑے بنا کر بیلیں اور ایک ٹرے میں الگ رکھتی جائیں، جب تین چار ہو جائیں، تو ہر پراٹھے پر میدے اور گھی کا آمیزہ لگا کر ایک دوسرے پر رکھتی جائیں اور اسے فولڈ کرلیں، پھر مناسب سائز کے پیڑے چھری کی مدد سے کاٹ لیں اور پراٹھا بناکر توے پر گھی ڈال کر تل لیں۔

...

گھی والی روٹی
اجزا:
نمک
چکی اور فائن ملا ہوا آٹا (250 گرام)
دودھ (آدھی پیالی)
گھی (ایک کھانے کا چمچا)

ترکیب:
ملے ہوئے آٹے میں تمام اجزا ہاتھوں سے ملائیں اور نیم گرم پانی سے گوندھ لیں، پھر ہر 10 منٹ بعد دوچار منٹ کے لیے گوندھ، گوندھ کر رکھیں، ایسا تین چار بار کریں اس طرح چپاتی انتہائی نرم ہوگی، اب آٹے کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنا کر پتلی پتلی روٹیاں بنائیں اور ہاتھ پر ڈال کر اتنا بڑا کریں کہ وہ پھٹے نہیں، پھر الٹے توے پر ڈال کر درمیانی آنچ پر دونوں طرف سے سینک لیں اور اوپر سے گھی لگا کر ایک دوسرے پر گھی لگے ہوئے حصے کی جانب سے رکھتی جائیں، اس چپاتی کو گرم گرم کھانے میں زیادہ مزا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں