مریم والد کی تیمارداری کرنا چاہتی ہیں اوروہ ہوٹلوں میں کھاپی رہے ہیں یاسمین راشد

نواز شریف بظاہر ٹھیک ٹھاک لگ رہے ہیں اور لگتا ہے وہ علاج ہی نہیں کروا رہے، وزیر صحت پنجاب

نواز شریف کو علاج کی غرض سے ریلیف دیا گیا، یاسمین راشد فوٹو: فائل

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ مریم نواز اپنے والد کی تیمارداری کے لیے جانا چاہتی ہیں اور ہوٹلوں میں کھانا کھا رہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کو علاج کے لیے 6 ہفتے کی ضمانت دی گئی،25 تاریخ کو مقررہ وقت ختم ہوگیا، ہمیں صرف دو صفحات پر مشتمل نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ بھیجی گئی۔ نواز شریف کے معالج کی جانب سے خط لکھا گیا، جس میں ان کی پرانی بیماریوں کی تفصیلات بتائی گئیں، جس کی بنیاد پر میڈیکل بورڈ کا اجلاس طلب کیا گیا، جس میں فیصلہ ہوا میڈیکل رپورٹ نامکمل ہے اور کوئی نئی بات نہیں۔ ہمیں نواز شریف سے متعلق نئی رپورٹس نہیں ملیں گی تو ہم کوئی رائے نہیں دے سکتے۔


یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لیڈروں کو قوم سے سچ بولنا چاہیے، نواز شریف کی چائے پیتے تصویر وائرل ہوئی ہے، جس پر ہمیں تشویش ہے، نواز شریف بظاہر ٹھیک ٹھاک لگ رہے ہیں، تصویر دیکھنے کے بعد ڈاکٹر عدنان کو فون کیا، ان سے پوچھا کہ آپ کہتے ہیں کہ وہ بہت بیمار ہیں، کیا نواز شریف کا گھومنا ان کے علاج کا حصہ ہے؟۔ انہیں کہا ہے کہ تحریری طور پر بتائیں کہ لندن میں نواز شریف کے کون سے ٹیسٹ ہوئے ہیں، نواز شریف کو علاج کی غرض سے ریلیف دیا گیا، لگتا ہے نواز شریف علاج ہی نہیں کروا رہے، 6 ہفتے میں نواز شریف کا علاج نہیں ہوا تو بتایا جائے کیوں نہیں ہوا؟ اگر نوازشریف نے لندن میں علاج نہیں کرایا تو زیادتی کی ہے۔

وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے والد کی تیمارداری کے لیے جانا چاہتی ہیں، وہ کہاں تیمارداری کریں گی؟، کیا وہ تیمارداری ریسٹورنٹ میں کریں گی؟ مریم نواز کے والد چل پھر رہے ہیں اور ہوٹلوں میں کھانا کھا رہے ہیں، ہوا خوری ریسٹورنٹ میں نہیں، باہر ہوتی ہے۔

Load Next Story