ملا عمر طالبان کو پاکستان میں دہشتگردی کرنے سے روکیں سنی اتحاد کونسل کے علما کی اپیل

ملا عمر پاکستانی طالبان کو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں بند کرنے کا حکم دیں، سنی اتحاد کونسل


ویب ڈیسک November 10, 2013
ملاعمرکو چاہیے کہ وہ پاکستانی طالبان کو ہتھیار پھینک کر امن کا راستہ اختیار کرنے اور ریاستی اتھارٹی کو تسلیم کرنے پر مجبور کریں، علمائے کرام فوٹو: رائٹرز/فائل

ISLAMABAD:

سنی اتحاد کونسل سے وابستہ علمائے کرام نے افغان طالبان کے رہنما ملاعمر سے اپیل کی ہے کہ وہ طالبان کوپاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں سےروکنے کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔


سنی اتحاد کونسل کے 100 سے زائد علما اور مفتیوں نے اجتماعی بیان میں ملا عمر سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستانی طالبان کو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں بند کرنے کا حکم دیں اور اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے اسلامی ریاست کے خلاف مسلح بغاوت کرنے والے پاکستانی طالبان کو اسلامی ریاست کا اسلامی آئین تسلیم کرنے پر آمادہ کریں تاکہ پاکستان کو کمزور کرنے کی امریکی سازش کو ناکام بنایا جا سکے۔


علما نے اپنے بیان میں ملا عمر سے اپیل کی ہے کہ پاکستانی حکومتوں اور پاکستانی قوم نے ہر مشکل مرحلے میں افغان قوم کا ساتھ دیا ہے، ملاعمرکو چاہیے کہ وہ پاکستانی طالبان کو ہتھیار پھینک کر امن کا راستہ اختیار کرنے اور ریاستی اتھارٹی کو تسلیم کرنے پر مجبور کریں کیونکہ پاکستانی طالبان کی خونی کارروائیوں کی وجہ سے اسلام کی بدنامی ہو رہی ہے اور پاکستان کمزور ہو رہا ہے جب کہ ہزاروں خاندان تباہ ہو چکے ہیں۔ علما نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ پاکستانی طالبان کا طرزعمل اسلامی جہاد کے اصولوں اور شرائط کے منافی ہے اس لیے ملا عمر پاکستانی طالبان کو پاکستان کی بجائے امریکا کے خلاف جہاد کے احکامات جاری کریں۔ اپیل میں علمائے دیوبند سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ہم مسلک پاکستانی طالبان کو غیرمسلح ہونے پر آمادہ کریں اور انہیں راہ راست پر لانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں تاکہ امریکا کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |