کراچی اسٹاک مارکیٹ4 سال میں پہلی بار15400 کی حد بحال

بلیوچپ کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج اور ٹیلی کام سیکٹر میں خریداری کی وجہ سے مارکیٹ مورال بلند


Business Reporter September 03, 2012
انڈیکس37پوائنٹس کے اضافے سے15428ہوگیا۔ فوٹو: فائل

بلیوچپ کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج کے اعلانات اور ٹیلی کام سیکٹر میں خریداری تسلسل برقرار رہنے کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو نئے مالی ہفتے کے آغاز پر بھی تیزی برقرار رہی جس سے انڈیکس کی15400 کی حد بحال ہوگئی جو 4سال کی نئی بلند ترین سطح ہے۔

54.37 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید12 ارب63 کروڑ79 لاکھ46 ہزار 560 روپے کا اضافہ ہوگیا، ٹریڈنگ کے دوران تیز رفتار خریداری سرگرمیوں کی وجہ سے ایک موقع پر89.19 پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس 15480.77 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا تھا لیکن کراچی اسٹاک ایکس چینج کی ایم ایس سی آئی حکام کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے متعلق حوصلہ افزا اطلاعات موصول نہ ہونے کی وجہ سے ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن اور سیمنٹ سیکٹر کے حصص میں فروخت کا رحجان غالب ہوا جس سے تیزی کی شرح میں کمی واقع ہوئی،

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں اور این بی ایف سیز کی جانب سے مجموعی طور پر20 لاکھ25 ہزار207 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل قائم رہا کیونکہ کاروباری دورانیے میں بینکوں و مالیاتی اداروں کی جانب سے4 لاکھ53 ہزار806 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے3 لاکھ42 ہزار265 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے10 لاکھ67 ہزار195 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے 1لاکھ61 ہزار941 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی،

تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس36.91 پوائنٹس کے اضافے سے15428.49 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس19.66 پوائنٹس کے اضافے سے13249.59 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 50.07 پوائنٹس کے اضافے سے27386.79 ہوگیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 17.12 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 20 کروڑ6 لاکھ 19 ہزار 70 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کادائرہ کار 320 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں174 کے بھائو میں اضافہ، 125 کے داموں میں کمی اور21 کی قیمتوں میں استحکام رہا،

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں وائتھ پاکستان کے بھائو48 روپے بڑھ کر1008 روپے اور انڈس موٹرز کے بھائو13.72 روپے بڑھ کر 288.22 روپے ہو گئے جبکہ انڈس ڈائینگ کے بھائو19.99 روپے کم ہوکر380.20 روپے اور ایبٹ لیبارٹری کے بھائو9.75 روپے کم ہو کر 204.07 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں