لاہورچیمبرنے تمام سیاسی جماعتوں کودورے کی دعوت دیدی

اس وقت معاشی معاملات پر جامع بحث کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو معاشی مسائل کی دلدل سے باہر نکالاجاسکے۔


Commerce Reporter September 03, 2012
اس وقت معاشی معاملات پر جامع بحث کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو معاشی مسائل کی دلدل سے باہر نکالاجاسکے۔ فوٹو : فائل

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی معاشی منصوبہ بندی سے کاروباری برادری کو آگاہ کرنے کیلیے چیمبرآف کامرس کا پلیٹ فارم فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔

پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف، متحدہ قومی موومنٹ، جماعت اسلامی، پاکستان مسلم لیگ ق اور عوامی نیشنل پارٹی کو لکھے گئے خط میں لاہور چیمبرکے صدر عرفان قیصر شیخ، سینئر نائب صدر کاشف یونس مہر اور نائب صدر سعیدہ نذر نے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے اور اسے صنعتوں کی بندش، بیروزگاری، سرمایہ کاری میں کمی، جرائم اور افراط زر میں اضافے جیسے بڑے مسائل کا سامنا ہے جن کی موجودگی میں ملک ترقی نہیں کرسکتا،

پاکستان کو بہترین پالیسی اور مستحکم اداروں کی ضرورت ہے جس کیلیے سیاسی جماعتوں کو بنیادی کردار ادا کرتے ہوئے بہترین معاشی ایجنڈا وضع کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی اقوام کا مقابلہ کرنے کیلیے ملک کو خود مختار اور بصیرت رکھنے والی ایسی لیڈر شپ کی ضرورت ہے جو ملک کا مستقبل سنوارنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہو،

اس وقت معاشی معاملات پر جامع بحث کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو معاشی مسائل کی دلدل سے باہر نکالاجاسکے، باقاعدہ منصوبہ بندی کا فقدان اور ملک کے وسائل سے فائدہ اٹھانے میں عدم دلچسپی نے ہمیں آج اس مقام پر پہنچا دیا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو بلاتاخیر لاہور چیمبر کا دورہ کرکے اپنا اپنا معاشی ایجنڈا پیش کرنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں