ٹریفک پولیس کی نااہلی سے ضلع وسطی میں ٹریفک جام رہنے لگا

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک ضلع وسطی میں اہل افسران تعینات کریں،شہریوں کا مطالبہ


Staff Reporter November 11, 2013
اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام رہنے سے شہریوں کو منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہے۔ فوٹو: فائل

ٹریفک پولیس کی نااہلی اور رشوت خور افسران کی تعیناتی سے ضلع وسطی میں بدترین ٹریفک جام معمول بن گیا۔

ناظم آباد سے یوپی موڑ تک کئی مقامات پر ٹریفک جام کے باعث شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے لگے،شہریوں نے ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سے ضلع وسطی میں اہل افسران کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے،ضلع وسطی کے ڈی ایس پی ٹریفک شاہد میاں کی ناقص حکمت عملی سے ضلع میں بدترین ٹریفک جام معمول بن گیا ہے،ناظم آباد ، میٹرک بورڈ آفس ،کے ڈی اے چورنگی،حیدری مارکیٹ ، فائیو اسٹار چورنگی،سخی حسن چورنگی اور یو پی موڑ تک ٹریفک جام رہنے سے شہریوں کو منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہے۔



شہریوں کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران مجالس کے آغاز پر نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر امام بارگاہ میں عزاداروں کی ایک بڑی تعداد آتی ہے لیکن ٹریفک جام سے انھیں دقت کا سامنا ہے، شہریوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار اکثر سڑک سے غائب رہتے ہیں،کئی بار اعلیٰ حکام کو مطلع کیا گیا لیکن کارروائی نہیں ہوئی، شہریوں نے الزام لگایا کہ ڈی ایس پی شاہد میاں نااہل ہیں،ان کی توجہ شہریوں کے چالان کرنے اور ان سے رقم اینٹھنے پر رہتی ہے جس سے شہریوں کو ٹریفک جام کے عذاب کا سامنا ہے، شہریوں نے ایڈیشنل آئی جی ٹریفک غلام قادر تھیبو سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں اہل افسران تعینات کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔