ایرانی صدر نے یوکرینی طیارہ مار گرانے پر فوج سے وضاحت طلب کرلی

فوج نے مجھے اور صدر حسن روحانی کو 3 دن تک اندھیرے میں رکھا، وزیر خارجہ جواد ظریف


ویب ڈیسک January 15, 2020
فوج وضاحت دے کہ کیسے ایک مسافر بردار طیارے کو نشانہ بنایا گیا، جواد ظریف (فوٹو : فائل)

ایرانی صدر حسن روحانی نے یوکرین کے مسافر بردار طیارہ مار گرانے پر فوج سے وضاحت طلب کرلی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے یوکرین کے مسافر بردار طیارے کو میزائل سے نشانہ بنا کر تباہ کرنے پر فوج سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج کے اعلیٰ عہدیدار تفصیلی رپورٹ پیش کریں کہ کیوں اور کس مغالطے میں غلطی سے ایک مسافر بردار طیارے کو مار گرایا جو 176 معصوم مسافروں کی موت کا سبب بنا۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھارت کے دورے پر ایک چینل کو ایک انٹرویو میں اعتراف کیا کہ مجھے اور صدر حسن روحانی کو جہاز کی تباہ ہونے کے حوالے سے کچھ معلوم نہیں تھا تاہم جیسے ہی درست معلومات ملیں، ہم نے عوام کے سامنے ساری حقیقت رکھ دی۔

جواد ظریف نے یہ بھی تسلیم کیا کہ عوام کو حقیقت سے آگاہ کرنے میں دیر ہوئی۔ اور جب عوام کو پتہ چلا تو ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ وزیر خارجہ نے غلطی تسلیم کرنے پر اپنی فوج کے ہائی کمان کی تعریف بھی کی تاہم ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ فوج نے انہیں اور ملک کے صدر کو بھی 3 دن تک اندھیرے میں رکھا تھا۔

واضح رہے کہ ایرانی فوج نے امریکا کے ساتھ کشیدگی کے دنوں میں یوکرین کے مسافر بردار طیارے کو جنگی طیارہ سمجھ کر غلطی سے تباہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 176 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں