ڈرون حملوں کے خلاف دھرنا نیو سپلائی روکنے پر عمران کے ساتھ ہیں سمیع الحق

جماعت اسلامی کی عدم شرکت، حکمراں ڈرون حملے بند کرائیں ورنہ اعلان جہاد ہوگا، حافظ سعید کا پیغام پڑھاگیا

پشاور: جمعیت علمائے اسلام س کے سربراہ مولانا سمیع الحق ڈرون حملوں کے خلاف دیے گئے دھرنے سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: آئی این پی

دفاع پاکستان کونسل نے ڈرون حملوں کیخلاف پشاور میں ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا۔

جماعت اسلامی نے دھرنے میں شرکت نہیں کی، دھرنے کی قیادت جمیعت علما اسلام سمیع الحق گروپ کے قائد مولانا سیمع الحق نے کی۔ شرکا سے خطاب میں مولانا سمیع الحق نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات سے پاکستان میں امن کی امید تھی مگر ڈرون حملوں نے یہ امید ختم کر دی،ڈرون حملے نہ صرف ملک کی خود مختاری کیلیے نقصان دہ ہیں بلکہ اس سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کو بھی شدید دھچکا لگا۔ امریکا ملک میں مزید تباہی لانا چاہتا ہے، نواز شریف نے اوباما کے ساتھ ملاقات میں ڈرون حملوں کی بندش اور عافیہ صدیقی کی رہائی کا کوئی ذکر نہیں کیا جبکہ دبائو میں آکر مشرف کو رہا کر دیا۔




نیٹو سپلائی کی بندش میں عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے، ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات درپیش ہیں، نام نہاد دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ملک کو 10سال میں100 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا اور بے گناہ عوام جاں بحق ہوئے، ڈاکٹر شکیل آفریدی غدار ہے، امریکا اس کی رہائی کیلیے کوششیں بند کر دے۔ دھرنے میں جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا، حافظ سعید کا کہنا تھا کہ حکمراں امریکہ سے تعلقات پر نظرثانی کرتے ہوئے ڈرون حملے بند کرائیں بصورت دیگر علما حق جہاد کا اعلان کریں گے اور پھر یہ سیلاب حکومت اور امریکا کو بہالے جائے گا۔
Load Next Story