پولیس کے شعبہ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ میں بھرتیوں سے متعلق نوٹس جاری

انٹرویو سے قبل ٹائپنگ اسپیڈ کم بتا کر نام لسٹ سے ہٹا دیا گیا، درخواست گزار

انٹرویو سے قبل ٹائپنگ اسپیڈ کم بتا کر نام لسٹ سے ہٹا دیا گیا، درخواست گزار۔ فوٹو: فائل

ہائی کورٹ نے محکمہ سندھ پولیس کے شعبہ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ میں بھرتیوں سے متعلق حکومت سندھ، محکمہ داخلہ، آئی جی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

جسٹس ندیم اختر اور جسٹس عدنان الکریم پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو محکمہ سندھ پولیس کے شعبہ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ میں بھرتیوں سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزاروں کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ 24 ستمبر 2019 کو مدعا علیہان کی جانب سے 9گریڈ کی کال سینٹر پوسٹ پر 13 خالی نشستوں کے لیے اشتہار دیا گیا۔


درخواست گزار نے محکمہ سندھ پولیس کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ میں کال سینٹر میں بھرتیوں کے لیے ٹیسٹ دیا ، بھرتیوں کے لیے دیے گئے اشتہارات میں مذکورہ پوسٹ پر انٹر یا مساوی ڈگری کی شرط رکھی گئی، امیدواروں نے تحریری امتحان کامیاب کیا، انٹرویو سے قبل ٹائپنگ اسپیڈ کم بتا کر نام لسٹ سے ہٹا دیا گیا، دیے گئے اشتہار میں ٹائپنگ اسپیڈ کا کہیں کوئی ذکر نہ تھا، درخواست گزاروں کو کامیاب قرار دے کر ملازمت دی جائے۔

عدالت نے حکومت سندھ، محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
Load Next Story