نیول کالونی سال 2019ء کی بڑی ڈکیتی کرانیوالے 7 افغان ڈاکو پکڑے گئے

ڈاکوؤں نے2بنگلوں سے لوٹے گئے14لاکھ روپے،81ہزارریال،4ہزارڈالر،درجنوں موبائل فون اورگھڑیاں،کیمراافغانستان منتقل کردیا


Staff Reporter January 16, 2020
ڈاکوؤں کے ساتھی نے لوٹا ہوا 142 تولہ سونا لیاقت آباد میں سنارکو بیچا، جو اب مفرور ہے،ڈاکوؤں سے لوٹے گئے 2 پستول برآمد۔ فوٹو: فائل

KARACHI: سال2019 کے دوران نیول کالونی میں سب سے بڑی گھر کی ڈکیتی میں ملوث افغان ڈکیت گروہ کے7 ملزمان کوگرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

گزشتہ سال13 اکتوبر کوماڑی پور تھانے کی حدود میں جاوید بحریہ سوسائٹی فیز2 میں 2 گھروں میں8 ڈاکوؤں نے سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات میں142 تولہ سونا، 14 لاکھ پاکستانی کرنسی،81 ہزارسعودی ریال ، 4 ہزارامریکی ڈالر،درجنوں موبائل فونز اور دستی گھڑیاں، کیمرا اور2 لائسنس یافتہ پستول لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

پولیس نے3 ماہ بعد ڈکیتی کی واردات میں ملوث افغان ڈکیت گروپ کے7 ملزمان عبدالوہاب ولد ابراہیم ، احمد اللہ ولد شیر خان ، محمد ولی ولدمحمد دین ،عبدالرحیم ولد شیرخان ،عبداللہ ولد علاؤالدین ،اللہ داد ولد خدا داد اور نصیب اللہ ولد ناصر احمد کوگرفتارکرلیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں لوٹے گئے2 پستول برآمد کرلیے گئے۔

ایس پی انویسٹی گیشن مختارخاصخیلی نے ایکسپریس کو بتایا کہ ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمان کو حال ہی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے گرفتارکرکے ماڑی پور انویسٹی گیشن پولیس کے سپرد کیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتارملزمان کے قبضے سے لوٹا ہوا سونا ، موبائل فونز، دستی گھڑیاں اور قیمتی سامان برآمد نہیں ہوسکا ہے کیونکہ گرفتار ملزمان نے لوٹا ہوا سونا سمیع اللہ ساتھی کے حوالے کردیا تھا اورملزم سمیع اللہ نے لوٹا ہوا سونا لیاقت آباد میں جاوید نامی سونار کو فروخت کردیا تھا انھوں نے بتایا کہ مدینہ کالونی پولیس نے گرفتار ملزماں کے ساتھی سمیع اللہ کو بھی گرفتار کرلیا ہے جبکہ جاوید نامی سنار غائب ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے واردات کے دوران لوٹے جانے والے موبائل فونز، دستی گھڑیاں اور قیمتی سامان افغانستان کے شہر کابل منتقل کردیا ہے انھوں نے بتایا کہ پولیس نے ملزمان کا عدالت سے ریمانڈ لینے کے بعد تفتیش شروع کردی ہے پولیس کی کوشش ہے کہ واردات میں لوٹا گیا سونا اور قیمتی سامان برآمد کیا جائے اور ساتھ ہی گروہ کے دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں