ٹیسٹ میچز بنگلا دیش سیکیورٹی صورتحال دیکھ کرفیصلہ کرے گا

پی سی بی کے مالی نقصان کی تلافی کیلیے ایک ون ڈے بھی کھیلنے پر رضامند ہوئے، صدر بی سی بی نظم الحسن

پی سی بی کے مالی نقصان کی تلافی کیلیے ایک ون ڈے بھی کھیلنے پر رضامند ہوئے، صدر بی سی بی نظم الحسن ۔ فوٹو : فائل

بنگلا دیش ٹیسٹ میچز کھیلنے کا فیصلہ پاکستانی سیکیورٹی صورتحال دیکھنے کے بعد کرے گا۔

دبئی میں اجلاس کے بعد وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہا کہ میری آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کے ساتھ میٹنگ طے تھی، وہاں پہنچا تو کمرے میں پی سی بی حکام بھی موجود تھے، انہوں نے ملاقات کیلیے وقت مانگا اور اس میں تین ٹی ٹوئنٹی اور ایک ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز پیش کی، جواب میں میرا کہنا تھا کہ صرف مختصر فارمیٹ کے میچ کھیلیں گے، بعد ازاں بات چیت میں معاملات طے پائے۔


انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں 4 ماہ میں 3 بار پاکستان جانے کے فیصلے پر تنقید کیوں ہو رہی ہے، ہم نے تو حکومتی ہدایات پر عمل کیا ہے، بی سی بی کو دورہ مختصر رکھنے کے لیے کہا گیا تھا، ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا فیصلہ سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کریں گے۔

ایک سوال پر نظم الحسن نے کہا کہ سیریز تین حصوں میں منقسم ہونے کی وجہ سے پی سی بی کو نقصان کی تلافی کے لیے کراچی میں ایک اضافی ون ڈے میچ کے لیے تیار ہوئے، طویل فارمیٹ کے مقابلوں سے قبل ہمیں پریکٹس کا زیادہ موقع نہیں ملے گا، ایک روزہ میچ کھیل کر کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملے گی۔
Load Next Story