راولپنڈی پولیس اصلاحات کے تحت شہداء کے گھرانوں کی بہبود کے لیے ایس اوپیزجاری

لواحقین کوشہید کی عمر60 سال ہونے تک تنخواہ و الاؤنس ملتے رہیں گے، مراسلہ


ویب ڈیسک January 16, 2020
شہداء پولیس کے گروپ انشورنس کے کیس بلاتاخیر پنشن برانچ کو ارسال کیے جائیں، مراسلہ: فوٹو: فائل

راولپنڈی سمیت پنجاب میں پولیس اصلاحات کے تحت ملازمین اور شہداء کی فیملیز کی ویلفیئرکے لیے ایس او پیزجاری کر دیئے گئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق راولپنڈی سمیت پنجاب میں پولیس اصلاحات کے تحت سی پی اوراولپنڈی احسن یونس نے پولیس افسران اور متعلقہ برانچوں کے سربراہوں کو مراسلہ ارسال کردیا۔

شہید اہلکاروں کے ڈکلیریشن کیسز بغیرتاخیر آئی جی پنجاب کو ارسال کیے جائیں گے، لواحقین کوشہید کی عمر60 سال ہونے تک تنخواہ و الاؤنس ملتے رہیں گے، شہداء پولیس کے گروپ انشورنس کے کیس بلاتاخیر پنشن برانچ کو ارسال کیے جائیں گے۔

سی پی او نے کہا کہ دوران ڈیوٹی وفات پاجانے والے پولیس ملازمین کے چارجزجنازہ کے وقت ادا کر دیئے جائیں، پولیس ملازم کھلی کچہری میں پیش ہوکربھی مدد کیلئے اپلائی کرسکتا ہے، تمام سرکاری اسپتالوں میں قائم پولیس مراکزسہولیات فراہم کرنے کے پابند ہوں گے، اہلکاروں کے کالجزمیں زیر تعلیم بچے جن کے نمبر65 فیصد سے زائد ہیں اسکالرشپ کے حق دارہیں۔

سی پی اونے مزید بتایا کہ شہداء پولیس کے لواحقین سے ویلفئیربرانچ ہفتے میں ایک دفعہ خود رابطہ کرے، پرائیویٹ اسکولزسے پولیس افسران و ملازمین کے بچوں کورعایت دی جائے جب کہ معیاری میڈیکل لیبارٹریزکے ساتھ بھی معاہدے کرکے میڈیکل ٹیسٹوں کی سہولت فراہم کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں