وزیراعظم کی زیرصدارت کشمیر سے متعلق اجلاس آرمی چیف کی بھی شرکت

بی جے پی حکومت مسلمان اور کشمیر مخالف مائنڈ سیٹ کے ساتھ امن و استحکام کیلئے مسائل پیدا کرنے کی ذمہ دار ہے، اعلامیہ


ویب ڈیسک January 16, 2020
سلامتی کونسل کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور سنگین حالات کی عکاسی ہے، وزیراعظم 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بحث کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت کشمیر سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، معاون خصوصی معید یوسف اور دیگرحکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدامات کی مذمت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔

اعلامئے کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر زیرِ بحث لانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کا زیرِ بحث آنا بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری کا مظہر ہے۔ 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کے ذریعے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی، آر ایس ایس سے متاثر بی جے پی حکومت مسلمان اور کشمیر مخالف مائنڈ سیٹ کے ساتھ امن و استحکام کیلئے مسائل پیدا کرنے کی ذمہ دار ہے۔ اجلاس میں بی جے پی حکومت کی سخت بیان بازی اور جارحانہ اقدامات کی مذمت کی گئی۔

قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر عالمی طور پر تسلیم شدہ متنازع معاملہ ہے اور مقبوضہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بحث کا خیر مقدم کرتا ہے، سلامتی کونسل کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور سنگین حالات کی عکاسی ہے۔

 



وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا تنازعہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک اخلاقی، سفارتی مدد جاری رکھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں