موجودہ نظام کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئین کے خلاف ہے فیصل سبزواری

نئی حلقہ بندیوں کا ابھی تک نوٹی فکیشن نہیں ملا اور ہمارے اس سے متعلق اعتراضات قائم ہیں، فیصل سبزواری


ویب ڈیسک November 11, 2013
پہلی بار ایسا ہورہا ہے کہ حکومت حلقہ بندیاں کر رہی ہے حالانکہ یہ کام حکومت کا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا ہے، فیصل سبزواری فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ موجودہ نظام کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئین کے آرٹیکل 140 اے کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور جو کچھ انتخابات کے نام پر ہورہا ہے وہ بہت بڑا مذاق ہے۔


کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم اس نظام کے تحت انتخابات کا انعقاد اس لئے ہی نہیں چاہتی کیونکہ یہ آئین سے متصادم ہیں، کوئی بھی ایسا نظام یا قانون نہیں ہونا چاہئے جو آئین کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایسا ہورہا ہے کہ حکومت حلقہ بندیاں کر رہی ہے حالانکہ یہ کام حکومت کا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کا ابھی تک نوٹی فکیشن نہیں ملا اور ہمارے اس سے متعلق اعتراضات قائم ہیں۔


فیصل سبزواری اک کہنا تھا کہ انتخابی شیڈول عجلت میں جاری کیا گیا، 23 نومبر کو حتمی فہرست امیدوار کو ملے گی اور 27 نومبر کو انتخابات ہوں گے جس سے امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے کا بھی وقت نہیں ملے حالانکہ ہر امیدوار کو اپنی مہم چلانے کا وقت ملنا چاہیے۔ ان کا امیر جماعت اسلامی منور حسن کے بیان کے حوالے سے کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اسٹیبلشمنٹ کی بی ٹیم کہلاتی رہی ہے اور منور حسن نے دہشت گردوں کو شہید کہہ کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں اور ہزاروں بے گناہ عوام کی توہین کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں