نواز شریف زرداری گیلانی کیخلاف ایک اور نیب ریفرنس کی منظوری

سابق صدر، وزرائے اعظم پر سرکاری توشہ خانے سے گاڑیاں، تحائف لینے کاالزام

نیب ایگزیکٹو بورڈ کا واجد شمس، کامران شفیع کیخلاف بھی ریفرنس،رحمت بلوچ، شوکت بسرا،اعجاز جاکھرانی کیخلاف تحقیقات کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے نوازشریف، آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے جبکہ ذوالفقار بخاری ولد واجد بخاری کیخلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دیدی۔

نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت3 انکوائریاں محکموں کو واپس بھجوا دیں، چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت اجلاس میںڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل، ڈی جی آپریشنز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

ایگزیکٹو بورڈ نے3ریفرنسز کی منظوری دی، پہلا ریفرنس سابق وزرائے اعظم نوازشریف، یوسف رضا گیلانی، سابق صدر آصف زرداری، خواجہ انور مجید، عبدالغنی مجیدکے خلاف جعلی بنک اکاؤنٹس سکینڈل میں دائر کیا جائے گا۔ ان پر سرکاری توشہ خانہ سے قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے گاڑیاں، تحائف لینے کاالزام ہے جس سے خزانے کوبھاری نقصان پہنچا، اسی طرح سابق سفیرکامران شفیع اور سابق ہائی کمشنر برطانیہ واجد شمس الحسن کیخلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی۔

ملزمان نے قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے خزانے کو بالترتیب27ہزارڈالر اور28ہزار پونڈ کا نقصان پہنچایا۔ اجلاس میں اعزازی سیکرٹری سٹیٹ بنک عبداﷲ علوی، سٹاف کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اور دیگر کیخلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی۔


ملزمان نے عوام کو دھوکہ دیکر 78 لاکھ روپے ہتھیائے۔ اجلاس میں 4انویسٹی گیشنزکی منظوری دی گئی، ان میں نشاط چونیاں پاور لمیٹڈ، نیپرا اینڈ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی اور دیگر کے افسران و اہلکاران، محکمہ صحت سندھ کے افسران و اہلکاران، ممبران پروکیور کمیٹی، پروگرام مینجرز ہیپاٹائٹس پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام سندھ اور دیگر، وزیر صحت بلوچستان رحمت بلوچ اور دیگر، سابق ایم این اے اعجاز جاکھرانی اور دیگر کیخلاف انویسٹی گیشنز شامل ہیں۔

ایگزیکٹو بورڈ نے 9 انکوائریوں کی منظوری دی، ان میںسیف سٹی پروجیکٹ اسلام آباد کی انتظامیہ، ٹی ای پی اے، ایل ڈی اے کے افسران، اہلکاران اور دیگر، سابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ رمضان اعوان اور دیگر، ایکسین محمد عاشق، پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد ریاض گیپکو گوجرانوالہ اور دیگر، بنک آف خیبر پشاورکے افسران و اہلکاران اوردیگر، سابق ممبر قومی اسمبلی سردار عاشق گوپانگ، پٹواری جاوید اقبال علی پور مظفر گڑھ اور دیگر، سابق ایم پی اے/ پارلیمنٹری سیکرٹری پنجاب ہارون آباد شوکت بسرا اور دیگر، میسرز ٹیچنگ ہاسپٹل سینئر پرچیز آفیسرز/آفیشلز آف ٹیچنگ ڈی ایچ کیو ہاسپٹل ڈی جی خان فارمیسی سپلائرز اور دیگر، میسرز عبداللہ شاہ غازی شوگرملز لمیٹڈ کے مالکان/ ڈائریکٹرز اور دیگرکے خلاف انکوائریز شامل ہیں۔

اجلاس میںسی ڈی اے کے افسران و اہلکاران اور دیگرکے خلاف انکوائری قانونی کارروائی کیلئے سی ڈی اے کو بھجوانے، شکیل احمد سابق ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہوراور دیگرکے افسران و اہلکاران اور دیگرکے خلاف انکوائری چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجوانے، این جی اوز ایس ڈی پی آئی، فافین، ایف اے او اور دیگرکے خلاف انکوائری وزارت داخلہ کو بھجوانے، فاٹا رورل پروگرام پراجیکٹ کے افسران /اہلکاران، ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن اور دیگرکے خلاف انکوائری متعلقہ محکمہ کو بھجوانے، عارف خان ڈائریکٹر میسرز کینال ویو پشاور اور دیگر کیخلاف انویسٹی گیشن پشاور ڈویلپمینٹ اتھارٹی کو بھجوانے کی منظوری دی گئی۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ نے نیب کے ترمیمی آرڈیننس پر عملدرآمد شروع کرتے ہوئے3 انکوائریاں نیب دائرہ کار سے بابر ہونے کے سبب محکموں کو واپس ارسال کیں، ان میں سابق ڈی جی پارکس اینڈہارٹیکلچراتھارٹی لاہور، فاٹارورل پروگرام پراجیکٹ ،سی ڈی اے کے افسران کیخلاف اختیارات کے ناجائزاستعمال کی انکوائریاں شامل ہیں، ایگزیکٹو بورڈ نے پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے افسران و اہلکاران اور دیگر، فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمینٹ انتظامیہ کے اہلکاران/افسران اور دیگر، ذوالفقار بخاری ولد واجد بخاری اور دیگر، لاہور نالج پارک کمپنی کی انتظامیہ کے اہلکاران /افسران اور دیگر کے خلاف انکوائری عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز/ کوآپریٹو سوسائٹیز سے لوٹی گئی رقوم کی واپسی کیلئے قانون کے مطابق اقدامات کئے جارہے ہیں، احتساب سب کیلئے کی پالیسی کے تحت28 ماہ میں 158ارب روپے برآمد جبکہ 630 ریفرنس دائرکئے، مضاربہ/مشارکہ کے 45 ملزمان کو گرفتار کرکے اربوں روپے برآمد کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
Load Next Story