گرے ٹیلی کام ٹریفک کیخلاف اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ

گرے ٹیلی فونی کے خلاف اجتماعی مہم کی ضرورت ہے، انوشہ رحمان

مہم کے نتیجے میں قانونی ٹریفک8فیصدبڑھ گئی، انوشہ رحمان کی زیرصدارت اجلاس۔ فوٹو : آئی این پی

وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ گرے ٹریفک روکنے کیلیے کوششوں سے وائٹ ٹریفک میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

گرے ٹریفکنگ کی مانیٹرنگ کے حوالے سے پیر کو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گرے ٹیلی فونی کے خلاف اجتماعی مہم کی ضرورت ہے جس میں پی ٹی اے، وزارت آئی ٹی، آئی سی ایچ کنسورشیم، موبائل آپریٹرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ پی ٹی اے کے قائم مقام چیئرمین نے گرے ٹریفکنگ کے حوالے سے شرکا کو بریفنگ دی۔




اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت آئی ٹی کی مشاورت کے بعد پی ٹی اے گرے ٹریفک کے خلاف سرگرمیوں کومزید مضبوط بنانے کیلیے سم باکس وڈیٹیکشن باکس خریدے گی۔ وزیرمملکت نے کہا کہ گرے ٹریفکنگ کی روک تھام کے لیے زیادہ کوششیں کی جائیں۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبیلٹی کے تحت پی ٹی اے الیکٹرانک میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے ایک جامع مہم چلائے گی، موبائل کمپنیاں اس لعنت کے خاتمے کیلیے عوام کو ایس ایم ایس کے ذریعے پیغام رسانی کریں گی، ان اقدامات کے نتائج کے پیش نظر دسمبر کے آخر میں آئی سی ایچ پالیسی کا جائزہ لیا جائیگا۔
Load Next Story