بنگلادیشی کوچنگ اسٹاف خوف کی دیوار نہ گرا سکا

 بیٹنگ کوچ مکینزی اور فیلڈنگ کوچ سمیت5ارکان کا دورہ پاکستان سے انکار

ہیڈ کوچ ڈومینگوکی فاسٹ بولنگ میں معاونت کیلیے چمپاکا رمانائیکے جائیں گے فوٹو: فائل

بنگلادیشی ٹیم کا غیرملکی کوچنگ اسٹاف خوف کی دیوار نہ گرا سکا، بیٹنگ کوچ نیل مکینزی اور فیلڈنگ کوچ سمیت5ارکان نے دورہ پاکستان سے انکار کردیا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے تیاریوں میں مصروف بنگلہ دیشی ٹیم کے بیٹنگ کوچ نیل مکینزی اور فیلڈنگ کوچ ریان کنگ نے پاکستان جانے سے معذرت کرلی، اسپن بولنگ کوچ ڈینئل ویٹوری بھی ٹور پر جانے میں دلچسپی نہیں رکھتے، ٹرینر ماریو ولاواریریان انگلی کی انجری کے سبب دستیاب نہیں ہیں،بھارتی کمپیوٹر اینالسٹ سری نواسن چندرا سیکران بھی ہمراہ نہیں ہوں گے۔


بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو پہلے ہی لاہور جانے کا ارادہ ظاہر کرچکے، چارل لینگویلٹ کی اچانک رخصتی سے خالی ہونے والی بولنگ کوچ کی اسامی کیلیے اوٹس گبسن اور نینٹی کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

وقتی طور پر بی سی بی کے ہائی پرفارمنس کوچ چمپاکا رمانائیکے بطور فاسٹ بولنگ کوچ اسکواڈ کے ہمراہ ہوں گے،انھوں نے ٹور کے بارے میں کسی طرح کے تحفظات کا اظہار نہیں کیا، فزیو جولین کیلفانٹو نے بھی رضامندی ظاہر کردی ہے، اسپن اور فیلڈنگ کوچ کا خلا پُر کرنے کیلیے سہیل اسلام ساتھ جائیں گے۔

انکار کرنے والے سری لنکن ٹرینر کی جگہ تشار کانٹی حوالدار کا انتخاب کرلیا گیا،متبادل کمپیوٹر اینالسٹ کا انتخاب کیا جانا باقی ہے۔ بی سی بی کے چیئرمین آف کرکٹ آپریشنز اکرم خان نے نیل میکینزی اور ریان کک کے ٹور سے دستبردار ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
Load Next Story