شہر کی کچرا کنڈیاں کچرے سے بھر گئیں تعفن سے شہری پریشان

رنچھوڑ لائن،برنس روڈ، پاکستان چوک، ایمپریس مارکیٹ اوردیگر علاقوں میں کچرا سڑکوں اور گلیوں کے اطراف تک پھیل گیا۔


Staff Reporter November 12, 2013
لیاقت آباد:سڑک کے درمیان کچرے کے ڈھیر کو آگ لگادی گئی ہے جس سے کوئی حادثہ رونما ہوسکتا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

KARACHI: شہر کی کچرا کنڈیاں کچرے سے بھرگئیں اور کچرے سے اٹھنے والے تعفن سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اولڈ سٹی ایریا میں صورتحال تشویشناک ہوگئی، رنچھوڑ لائن،برنس روڈ، پاکستان چوک، ایمپریس مارکیٹ و دیگر علاقوں میں کچرا کنڈیاں بھرنے کے بعد کچرا سڑکوں اور گلیوں کے اطراف پھیل گیااور مکینوں کا ان علاقوں سے گزرنا مشکل ہوگیا ہے، تفصیلات کے مطابق بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکردگی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ شہر میں صحت و صفائی کا کام بروقت انجام نہیں دیا جارہا ہے، شہر کی بیشتر کچرا کنڈیاں کچرے سے بھری نظرآتی ہیں اور ان کی صفائی کئی کئی روز کے بعد کی جاتی ہے جس کی وجہ سے کچرا سڑکوں پر بکھرجاتا ہے ۔



رنچھوڑ لائن کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ نارائن پورہ کی کچرا کنڈی کی صفائی کئی ہفتوں سے نہیں ہوئی ہے ، برنس روڈ کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ سندھ سیکریٹریٹ کے عقب میں واقع گلی کی کچرا کنڈی گزشتہ کئی دنوں سے بھری ہوئی ہے، ایمپریس مارکیٹ کے دکانداروں نے شکایت کی ہے کہ ایمپریس مارکیٹ کی کچرا کنڈیاں بھری ہوئی ہے اور کچرا دکانوں کے آگے جمع ہوگیا ہے۔

جس کی وجہ سے لوگوں کو خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے، ریلوے کالونی، حاجی کیمپ، بوہرہ پیر، اردو بازار، حقانی چوک و دیگر علاقوں میں بھی صحت و صفائی کی صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ بلدیاتی اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ کچرا کنڈیوں کی صفائی کا کام بروقت انجام دیں، غفلت کے مرتکب عملے کیخلاف کارروائی کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں