’’میرے پاس تم ہو‘‘ سینما گھروں میں بھی دھاک بٹھانے کے لیے تیار

’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی آخری قسط کو امریکی سینماؤں میں بھی دکھانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں

کراچی اور لاہور کے سینما گھروں میں بڑی تعداد میں ڈرامے کے ٹکٹس فروخت ہورہے ہیں، فوٹوفائل

پاکستان کے مقبول ترین ڈرامے ''میرے پاس تم ہو''نے ٹی وی کے ساتھ سینما گھروں میں بھی دھاک بٹھادی ڈرامے کی آخری قسط کے ٹکٹس کی ریکارڈ فروخت ہورہی ہے۔

اداکار ہمایوں سعید، عدنان صدیقی اورعائزہ خان کے ڈرامے ''میرے پاس تم ہو''نے مقبولیت کے تمام ریکارڈز توڑ دئیے ہیں۔ یہاں تک کہ ہر ہفتے ڈرامے کی نئی قسط نشر ہونے پریہ ڈراما ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ پر ہوتا ہے جب کہ سوشل میڈیا پر اس کی مقبولیت کا موازنہ پی ٹی وی کے دور کے ڈراموں سے کیا جارہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: امریکی طالبات کی ''میرے پاس تم ہو'' کا گانا گاتے ہوئے ویڈیووائرل

ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھ کر ہی اس کی آخری قسط کو سینما میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس اعلان کے بعد ڈرامے کے ٹکٹس کی ریکارڈ فروخت ہورہی ہے۔ باکس آفس ڈیٹیلز کی رپورٹ کے مطابق اب تک ڈرامے کے 15 لاکھ سے زائد کے ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔ کراچی اور لاہور کے سینما گھروں میں بڑی تعداد میں ڈرامے کے ٹکٹس فروخت ہورہے ہیں جب کہ فیصل آباد میں تو تمام ٹکٹس بک چکے ہیں۔


ڈراما سیریل ''میرے پاس تم ہو''کی پاکستان کے علاوہ بیرون ممالک مقبولیت کو دیکھ کر اس کی آخری قسط کو امریکی سینما گھروں میں بھی دکھانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ڈرامے کے مرکزی اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے ایک مقامی ویب سائٹ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بہت سے امریکی ایگزیبیٹرز سے رابطے میں ہیں جو ڈرامے کی آخری قسط کو امریکی سینما گھروں میں دکھانے کے خواہشمند ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ''میرے پاس تم ہو''کا آخری سین لکھتے ہوئے رورہا تھا

ہمایوں سعید نے کہا کہ امریکی سینماؤں میں کوئی بھی مواد دکھانے کے لیے ان کی سنسر پالیسی کے مطابق تقریباً ایک ہفتے کا وقت درکار ہوتا ہے۔ ہماری ٹیم اس پر کام کررہی ہے اور ہم جلد اس کا حل بھی ڈھونڈ لیں گے۔

واضح رہے کہ ڈراما سیریل ''میرے پاس تم ہو''کی آخری قسط 25 تاریخ کو دکھائی جائے گی اور آخری قسط کا دورانیہ ایک قسط کے مقابلے میں دوگنا ہوگا۔
Load Next Story