وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ اوربرفانی تودے گرنے کا نیا الرٹ جاری

مقامی انتظامیہ جانی نقصان سے بچنے کے لئے آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرے؛ ایس ڈی ایم اے کی ہدایت

وادی نیلم میں 20 جنوری سے24 تک مزید برفباری کا امکان؛ فوٹو: فائل

برفانی تودوں سے متاثرہ وادی نیلم میں آئندہ ہفتے مزید برفباری کا نیا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آزاد کشمیر میں حالیہ برفباری کے باعث برفانی تودوں سے متاثرہ وادی نیلم میں 20 جنوری سے24 تک مزید تک برفباری کا امکان ہے۔ اس حوالے سے آزادکشمیر میں بارش اور برفباری کا نیا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔


جاری کئے گئے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ وادی نیلم کے متاثرہ علاقوں میں برفباری کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے، اس لئے مقامی انتظامیہ جانی نقصان سے بچنے کے لئے آبادیوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے ہونے والی بارشوں اور برفباری کے باعث ملک بھر میں 150 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے، سب سے زیادہ جانی نقصان وادی نیلم میں ہوا تھا جہاں کئی دیہات پر برفانی تودے گرے تھے۔
Load Next Story