دنیا بھر میں سکھوں کا کشمیریوں کے ساتھ بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان

26 جنوری کو کشمیریوں کے ساتھ ملکر دنیا کے سامنے ہٹلر مودی کا چہرہ بے نقاب کیا جائے گا، ترجمان ورلڈ سکھ پارلیمنٹ

بھارت میں مسلمان، سکھ، ہندو دلت اورعیسائیوں سمیت کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں، سربراہ پنجابی سکھ سنگھ۔ فوٹو:فائل

دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری اور سکھ تنظیموں نے بھارت کے یوم جمہوریہ کویوم سیاہ کے طورپرمنانے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان میں بسنے والی سکھ کمیونٹی اور کشمیری نمائندہ تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ 26 جنوری کو ملک بھر میں بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپرمنایاجائے گا اور بھارت کا غیرجمہوری چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیاجائے گا۔

پنجابی سکھ سنگھ کے سربراہ سردار گوپال سنگھ چاؤلہ نے بتایا کہ بھارتی حکومت کی جہموریت کا جنازہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے، دنیا کی سب سے بڑی جہوریت کے دعویدار ملک میں کئی روز سے اس کے اپنے ہی شہری سڑکوں پر ہیں جو وہاں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے غیر انسانی اور امتیازی سلوک کا بھانڈا پھوڑ رہے ہیں، بھارت میں مسلمان، سکھ، ہندو دلت اورعیسائیوں سمیت کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں، دوسری جانب بھارت کشمیریوں پر بھی مظالم کے پہاڑتوڑ رہا ہے۔


دوسری جانب تحریک آزادی کشمیر پاکستان اور تحریک کشمیر برطانیہ نے بھی بھارتی یوم جہموریہ پر لندن میں احتجاج کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور 26 جنوری کو لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ہزاروں لوگ جمع ہوکر احتجاج کریں گے، جب کہ اس احتجاج میں ورلڈ سکھ پارلیمنٹ بھی شریک ہوگی۔

ورلڈ سکھ پارلیمنٹ کے ترجمان سرداررنجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ 26 جنوری کو پوری دنیا میں بھارتی دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناکر ہٹلر مودی کا چہرہ بے نقاب کیا جائے گا، پرامن احتجاج کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بے رحم اور سفاک بھارتی حکومت کو کرارا جواب دیا جائے گا۔

 
Load Next Story