کراچی ٹارگٹڈ آپریشن میں کالعدم تنظیموں کے کارندوں سمیت 63 ملزم گرفتار

رینجرز کی اسکاؤٹ کالونی، کوئلہ گودام، ماڈل کالونی، پاپوش نگر، لیاقت آباد ، لانڈھی، کھارادر کے قریب اسنیپ چیکنگ


Staff Reporter November 12, 2013
گارڈن، جیکسن، ایسٹ اور ویسٹ زون پولیس کے چھاپے، گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدارمیں اسلحہ برآمد کرلیا گیا فوٹو: فائل

پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ملزم سمیت 63ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

اورنگی ٹائون پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم خان ولد سراج محمد کو گرفتار کر کے ایک پستول اور5 رائونڈ برآمد کر لیے، ایس ایچ او سلیم شیخ کے مطابق گرفتار کیے جانے والے ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم جیش محمد سے ہے،گارڈن پولیس نے عثمان آباد، دھوبی گھاٹ ، کشتی چوک ، گڈ لک میں چھاپہ مار کارروائیوں اور پولیس مقابلے کے نتیجے میں فیصل، سلیم ، عامر، سنی، الیاس سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 نائن ایم ایم پستول اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل اور منشیات برآمد کر لی۔ جیکسن پولیس نے2 ملزمان اشفاق ولد مشتاق، محمد صادق الیاس کو گرفتار کر لیا۔



ایسٹ زون پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں14ملزمان کو گرفتار کر کے5 پستول ،8 رائونڈ ، ایک دستی بم برآمد کر لیا، ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق گرفتار ملزمان میں 3 مشکوک ملزمان بھی شامل ہیں۔ ویسٹ زون پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں 18ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے8 پستول ، 20 رائونڈ ، 5 موبائل فون ، ایک موٹر سائیکل اور منشیات برآمد کر لی گئی ، ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزمان3اشتہاری اور مفرور ملزمان بھی شامل ہیں ، رینجرز نے اسکائوٹ کالونی، مہران ٹائون ، میمن گوٹھ ، دائود گوٹھ ،کوئلہ گودام ، ماڈل کالونی ، پاپوش نگر ، لیاقت آباد ، لانڈھی بنگالی موڑ ، عبداﷲ شاہ غازی گوٹھ ، جماعت خانہ کھارادر اور ٹول پلازہ کے قریب اسنیپ چیکنگ اور ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران19جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔