پی ایس ایل قریب آنے پر پی سی بی جاگ اٹھا

کل سے2 روزہ اجلاس، ٹکٹنگ اور سیکیورٹی سمیت اہم امور پر بات ہوگی


Saleem Khaliq January 19, 2020
کل سے2 روزہ اجلاس، ٹکٹنگ اور سیکیورٹی سمیت اہم امور پر بات ہوگی۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل قریب آنے پر پی سی بی جاگ اٹھا، تیاریوں کے حوالے سے2 روزہ اہم اجلاس پیرکو لاہور میں شروع ہوگا، اس میں ٹکٹنگ اور سیکیورٹی سمیت تمام امور پر تبادلہ خیال ہونا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری کو شروع ہو رہا ہے،اس بار مکمل پی ایس ایل کا انعقاد ہوم گراؤنڈز پر ہی ہونا ہے، میچز کی میزبانی چار شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان کو سونپی گئی ہے۔

اب تک خاموشی تھی مگر اب لگتا ہے کہ ایونٹ کی تیاریوں میں تیزی آ گئی ہے، پورے ایک ماہ قبل اہم میٹنگز پیر اور منگل کو لاہور میں ہوں گی، پی سی بی نے اس میں تمام فرنچائزز کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی ہے، میٹنگز میں ٹیموں کولیگ کی تمام تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا، سفری اور رہائشی انتظامات پر بات ہو گی، پلیئر اور تفریحی پروگرام پر تبادلہ خیال بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

ٹکٹنگ کے حوالے سے فرنچائزز کو اعتماد میں لیا جائے گا، بورڈ کی کوشش ہے کہ زیادہ قیمت نہ رکھے تاکہ بڑی تعداد میں لوگ اسٹیڈیم آ کر میچز سے لطف اندوز ہوں، ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر مقابلوں سے ٹیموں کو گیٹ منی بھی حاصل ہوگی، میٹنگ میں فرنچائزز کے مفت پاسز پر بھی بات ہوگی، سیکیورٹی کے حوالے سے بھی ٹیموں کو بریفنگ دی جائے گی، خصوصاً غیرملکی کرکٹرز کے لیے انتظامات سے آگاہ کیا جانا ہے، مارکیٹنگ اور کمرشل سمیت میڈیا اینڈ ڈیجیٹل معاملات بھی زیرغور آئیں گے۔

پی سی بی نے تمام فرنچائزز سے کہا ہے کہ انھیں ایونٹ اور انتظامات کے حوالے سے جو معلومات درکار ہیں ان کی تفصیل تیار کرکے لائیں، اسی کے ساتھ اپنے پلانز سے بھی آگاہ کریں تاکہ ان پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں