قومی اسمبلی میں ایک بار پھر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

جلد بازی میں کرائے گئے انتخابات آئین کیخلاف ہوں گے لہٰذا الیکشن کمشین انہیں ملتوی کرکے جلد نئی تاریخ دے،قرارداد کا متن


ویب ڈیسک November 12, 2013
قومی اسمبلی میں قرارداد تحریک انصاف کے رکن قومی سامبلی عارف علوی نے پیش کی۔ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں ایک بار پھر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد متفقہ طورپر منظورکرلی گئی ہے تاہم قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قانونی اورآئینی تقاضے پورے کرکے جتنی جلد ہوسکے ان انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد تحریک انصاف کے رکن قومی سمبلی عارف علوی نے پیش کی جس میں پہلے یہ کہا گیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کرکے مارچ 2014 میں کرائیں جائیں تاہم بعد ازاں قرارداد میں سے مارچ کا لفظ حذف کرکے جلد از جلد کے الفاظ شامل کئے گئے، قرارداد میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات صاف شفاف طریقے سے کرانے کی اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے لیکن جلد بازی میں کرائے گئے انتخابات آئین کے خلاف ہوں گے لہٰذا الیکشن کمیشن مکمل تیاری تک انتخابات ملتوی کرکے آئین کے تحت انہیں جلد از جلد کرانے کے لئے نئی تاریخ دے۔

قرارداد کی منظوری کے موقع پر حکومتی جماعت مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ اراکین اسمبلی ایوان میں صرف قراردادیں منظور کرانا چاہتے ہیں یا ان پر عمل بھی کرانا چاہتے ہیں کیونکہ انتخابات ملتوی کرنے کے ایک قرارداد پہلے بھی ایوان متفقہ طور پر منظور کرچکا ہے لیکن پارلیمنٹ کی کوئی آواز نہیں سن رہا اور جو طاقت پارلیمنٹ کو دی گئی ہے اسے تسلیم نہیں کیا جارہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں بھی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں