جنوبی افریقا کے خلاف ٹی 20سیریز پاکستان کے پاس نمبر ’’ون‘‘ بننے کا نادر موقع

کئی کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے جس کی وجہ سے انہیں امید ہے کہ ہم اچھے نتائج دیں گے، محمد حفیظ


AFP November 12, 2013
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ بدھ کو دبئی میں ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتح کی صورت میں پاکستان ایک بار پھر مختصر ترین فارمیٹ میں نمبر ون بن جائے گا تاہم قومی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ہماری پہلی توجہ جنوبی افریقا کو ہرانا ہے۔

دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کے لئے ٹی 20 میں نمبرون پوزیشن حاصل کرنا یقینی طور پر اعزاز کی بات ہے ہماری توجہ اس وقت جنوبی افریقا کے خلاف فتح پر ہے دیگر تمام ترجیحات دوسرے نمبر پر آتی ہیں کیونکہ ٹی20 ورلڈ کپ میں صرف 4 ماہ کا عرصہ رہ گیا ہے اور ہمیں اس سے قبل ٹیم کا وننگ کمبی نیشن تشکیل دینا ہے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز ہارنے سے ٹیم مایوس ہے لیکن ہم اسے پس پشت ڈال کر نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے کیونکہ ٹی 20 ، ٹیسٹ اور ایک روزہ مقابلوں سے مختلف ہے اور ٹیم میں دیگر کھلاڑی شامل ہوئے ہیں جس سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے جس کی وجہ سے انہیں امید ہے کہ ہم اچھے نتائج دیں گے۔

دوسری جانب پروٹیز قائد فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی سے قبل ٹیسٹ سیریز کی برابری اور واضح مارجن سے ون ڈے سیریز اپنے نام کرنے سے ہمارے اعتماد میں بہت اضافہ ہوا ہے لیکن اس کے باوجود ٹی 20 فارمیٹ ایک مختلف طرز کی کرکٹ ہے، ہم پراعتماد ہیں تاہم ماضی کی فتوحات سے قطع نظر ہوکر ہمیں آگے دیکھنا ہے، ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ جنوبی ایشیا میں ہورہا ہے اور متحدہ عرب امارات پاکستان کے خلاف مقابلے سے ہمیں اچھا کمبی نیشن بنانے میں مدد ملے گی کیونکہ دونوں ملکوں کے موسمی حالات تقریبا ایک جیسے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ بدھ کو دبئی میں ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں