فکس ٹیکس اسکیم 10 کروڑ ٹرن اوور تک رجسٹریشن سے چھوٹ کا اعلان متوقع

سادہ اردو ریٹرن فارم، شناختی کارڈ شرط 31 جنوری تک مؤخر، سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے لیے سالانہ بجلی بل کی حد 12 لاکھ


Irshad Ansari January 20, 2020
کم منافع سیکٹرز کے ٹرن اوور ٹیکس کا تعین تاجر کمیٹی کی مشاورت سے ہو گا، جیولرز، آڑھتیوں کے مسائل حل کیے جائیں گے  فوٹو: فائل

وزیر اعظم عمران خان آج وزیراعظم ہاؤس میں ملک بھر سے آئے ہوئے تاجر تنظیموں کے 100 کے لگ بھگ نمائندوں سے ملاقات کے بعد تاجروں کیلیے فکس ٹیکس اسکیم سمیت متعدد مراعات کا اعلان کریں گے۔

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے، تاجروں کیلیے اردو زبان میں سادہ و آسان انکم ٹیکس ریٹرن فارم بھی متعارف کروایا جائے گا ۔ تاجروں اور ایف بی آرکے درمیان 30 اکتوبر کو ہونے والے معاہدہ کے مطابق 10کروڑ تک کی ٹرن اوور والے تاجروں کیلیے ڈیڑھ فیصد ٹرن اوور ٹیکس کے بجائے صفر اعشاریہ 5فیصد ٹرن اوور ٹیکس کیا جارہا ہے۔ 10 کروڑ روپے تک کی ٹرن اوور والے کو رجسٹریشن سے چھوٹ ہو گی۔

شناختی کارڈ کی شرط پر خریدو فروخت کی کارروائی31 جنوری تک مؤخر رہے گی۔ علاوہ ازیں 10 کروڑ تک کی ٹرن اوور والا تاجر ودہولڈنگ ایجنٹ نہیں بنے گا۔ اس کے علاوہ سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن کے لیے سالانہ بجلی کے بل کی حد 6 لاکھ روپے سے بڑھا کر 12 لاکھ روپے کر دی گئی ہے اور کم منافع رکھنے والے سیکٹرز کے ٹرن اوور ٹیکس کا تعین ازسرنو کیا جائے گا جو تاجروں کی کمیٹی کی مشاورت سے ہو گا۔ اس کیلیے تاجروں پر مشتمل ریجنل اور مرکزی سطح پر کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔

جیولرز ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر جیولرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور آڑھتیوں پر تجدید لائسنس فیس پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا ۔ تاجروں کے مسائل کے فوری حل کے لیے اسلام آباد ایف بی آر میں ڈائریکٹر ریٹیل کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔ نئے ٹریڈرز کی رجسٹریشن/ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لیے اردو میں آسان اور سادہ فارم تیار کرلیا گیا جسے جلد حتمی شکل دے کر مہیا کیا جائے گا اور نئے سال کی ریٹرن اسی فارم پر جمع ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں