’’گولا گنڈا‘‘آسٹریلوی پلیئرز کیلیے گرمی کا توڑ بن گیا

ٹوئنٹی 20 سیریز سے قبل آسٹریلوی ویڈیو انالسٹس بدستور سعید اجمل کی بولنگ کی گتھی سلجھانے میں مصروف ہیں۔


Sports Desk September 04, 2012
یو اے ای میں دوران میچزپلیئرزکو وقفے وقفے سے شربت ملی برف کھلائی جاتی رہی۔ فوٹو : اے ایف پی

آسٹریلوی کرکٹرزنے ''گولا گنڈا'' کی صورت میں گرمی کا توڑ نکال لیا، دوران میچ کھلاڑیوں کو وقفے وقفے سے شربت ملی برف کھلائی جاتی رہی۔

ڈیوڈ ہسی کا کہنا ہے کہ کنڈیشننگ کوچ اسٹورٹ کارپنن کے فارمولے نے ہمیں بچپن کے دن یاد دلا دیے، ادھر ٹوئنٹی 20 سیریز سے قبل آسٹریلوی ویڈیو انالسٹس بدستور سعید اجمل کی بولنگ کی گتھی سلجھانے میں مصروف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز تو ختم ہوگئی مگر ابھی کینگروز کی یو اے ای کی گرمی سے جان نہیں چھوٹی۔

انھیں ٹوئنٹی 20 سیریز میں بھی موسم کی سختی کا سامنا کرنا ہے جس سے نمٹنے کیلیے وہ اپنے کھیل سے بھی زیادہ توجہ دے رہے ہیں، ون ڈے مقابلوں کے دوران گرم موسم نے آسٹریلوی کرکٹرز کا جینا دشوار کیے رکھا،اسٹرینتھ اور کنڈیشننگ کوچ اسٹورٹ کارپنن نے کھلاڑیوں کو ٹھنڈا رکھنے کیلیے آزمودہ فارمولے کا استعمال کرتے ہوئے شربت ملی برف کھلاڑیوں کو کھلانا شروع کردی جو ان کیلیے انجری ڈرنکس سے بھی زیادہ مفید ثابت ہوئی، برف کا یہ محلول اسٹابری جوس وغیرہ کے ساتھ تیار ہوتا اور پاکستان میں اسے ''گولا گنڈا'' کہا جاتا ہے۔

آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ ہسی کا کہنا ہے کہ اسٹورٹ کارپنن حیران کن شخصیت کے مالک اورہمیں پسی ہوئی برف پر جوسز ڈال کر دے رہے ہیں،اس سے ہمارے بچپن کی یادیں تازہ ہوگئیں اور ہمارے جسم کو بھی حقیقی معنوں میں ٹھنڈک حاصل ہوتی ہے۔ گرمی کی وجہ سے بارہویں کھلاڑی کی ذمہ داریاں بھی بڑھ گئی ہیں، ایک تو اس کو پلیئنگ الیون میں شامل نہ ہونے کا دکھ جھیلنا پڑتا ہے، اس کے ساتھ اسے دوران میچ وقفے وقفے سے کھلاڑیوں کو نئے گلوز، ٹھنڈے تولیے، انجری ڈرنکس اور شربت ملی برف فراہم کرنا پڑتی ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی ویڈیو انالسٹس بدستور سعید اجمل کی بولنگ کا توڑ دریافت کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں، اس بارے میں ڈیوڈ ہسی نے کہاکہ ہمیں آف اسپنر کے خلاف اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، ہم نے دیکھاکہ سری لنکن اور بھارتی بیٹسمین کس طرح اس کا سامنا کرتے ہیں ، ہمارے خیال میں ان کے خلاف دفاعی انداز اپنانے کے بجائے اٹیک کرنا زیادہ بہتر رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں