یہ ظلم کی حکومت ہے جو مزید نہیں چل سکتی شہباز شریف

نالائق حکومت جاری رہی تو خدانخواستہ پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا، قائد حزب اختلاف


ویب ڈیسک January 20, 2020
نالائق حکومت جاری رہی تو خدانخواستہ پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا، قائد حزب اختلاف۔ فوٹو : فائل

قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یہ ظلم کی حکومت ہے جو مزید نہیں چل سکتی جب کہ نالائق حکومت جاری رہی تو خدانخواستہ پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان ہو جائے گا۔

صدر (ن) لیگ اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مزدور سے روزگار تو پہلے ہی چھن چکا ہے، اب اس کے بچوں کا نوالہ بھی چھین لیاگیا ہے، یہ ظلم کی حکومت ہے جو مزید نہیں چل سکتی، نالائق حکومت جاری رہی تو خدانخواستہ پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان ہو جائے گا، ہر محب وطن پاکستانی کو پاکستان کی فکر ہے، نالائق ٹولے سے جس قدر جلد نجات ہوگی، پاکستان کے قومی، عوامی مفادات کے لئے اچھا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام دشمن ایجنڈے پر کاربند ٹولے سے ملک و قوم کو آزادی دلانے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے جب کہ تکبر، ضد اور حماقتوں نے ملک کے ہر شعبہ کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پابندی کے باوجود25 جولائی سے اکتوبر 2019 کو 48000 میٹرک ٹن گندم کیسے برآمد کی گئی اور ایک ارب 83 کروڑ روپے کس کی جیب میں گئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حالات کی سنگینی کے پیش نظر پارٹی کے قائدین کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ تمام سیاسی قائدین اور جماعتوں کے پارلیمانی سربراہان سے رابطہ کرکے ٹھوس حکمت عملی وضع کریں، ہم عوام کو نالائق ٹولے کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، گندم اور اس پر مال کس کس نے کھایا، ایک ایک پائی کا قوم کو حساب دینا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔