ٹی20سیریزدبئی میں گرمی کے سبب رات کو پچز کی تیاری

دن میں درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ سے ہم پچز کی تیاری کا کام نہیں کرسکتے، ہیڈ کیوریٹر

ہیڈ کیوریٹر ٹونی ہیمنگ کا کہنا ہے کہ سخت گرمی کی وجہ سے گرائونڈ اسٹاف کو رات میں سیریز کی تیاریوں کا کام کرنا پڑرہا ہے. فوٹو: اے ایف پی/ فائل

KARACHI:
پاک آسٹریلیا ٹی 20 سیریز کی تیاریوں میں مصروف دبئی اسپورٹس سٹی کرکٹ اسٹیڈیم کے گرائونڈ اسٹاف کی نیندیں حرام ہوگئیں۔

سخت گرمی کی وجہ سے رات کو تاخیر سے کام شروع کیا جاتا ہے، ہیڈ کیوریٹر ٹونی ہیمنگ کا کہنا ہے کہ ہم لوگوں کی حالت الوئوں جیسی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان 3 ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز بدھ سے دبئی کے اسپورٹس سٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگی، سخت گرمی کی وجہ سے گرائونڈ اسٹاف کو رات میں سیریز کی تیاریوں کا کام کرنا پڑرہا ہے.


ہیڈ کیوریٹر ٹونی ہیمنگ نے کہاکہ دن میں درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ سے ہم پچز کی تیاری کا کام نہیں کرسکتے، ہمارے گرائونڈ اسٹاف کیلیے اتنی گرمی میں کام کرنا ممکن ہی نہیں جبکہ یہاں کے لیبر قوانین کے مطابق بھی دن 12 سے 3 بجے تک بھی آرام لازمی ہے، تیز دھوپ کی وجہ سے رولر بھی کافی گرم ہوجاتا ہے، اگر ہم دن کے 10 بجے کام شروع کریں تو رولر کی دھات کا درجہ حرات 60 سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے جو گھاس کیلیے اچھا نہیں کیونکہ یہ اس کو جلاسکتا ہے، اس لیے بہتر یہی ہے کہ ہم یا تو صبح 8 بجے سے پہلے رول کریں یا پھر یہ کام شام کو 5 بجے کے بعد انجام دیں،

اسی وجہ سے ہماری حالت رات کو جاگنے والے الوئوں جیسی ہوگئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گرمی کی وجہ سے ٹیمیں بھی پریکٹس شام 6بجے سے پہلے شروع نہیں کریں گی اس لیے ہمیں اپنے کام کا آغاز پانچ بجے کرنا ہوگا، اسی طرح میچ کے رات 12 بجے اختتام پر ہمیں رات گئے تک اپنے کاموں میں مصروف رہنا ہوگا۔ہیمنگ اس سے قبل میلبورن کے ان ڈور اسٹیڈیم اور سعودی عرب میں کام کرچکے ہیں،

ان کے ماتحت 18 رکنی اسٹاف دبئی اسپورٹس سٹی میں مجموعی طور پر 56 کرکٹ پچز کی دیکھ بھال کرتا ہے، اس میں دبئی کرکٹ اسٹیڈیم، آئی سی سی گلوبل اکیڈمی کے دو اوولز اور 3000 اسکوائر میٹرز پریکٹس پچز شامل ہیں، اس کے ساتھ یہ رگبی، فٹبال اور ہاکی پچز اور ٹرف کی بھی دیکھ بھال کرتے ہیں۔
Load Next Story