بھارتی پنجابی فلموں کے معروف اداکار گپی گیروال لاہور پہنچ گئے

پاکستان میں گور دواروں کی بہترین آرائش و تزئین اور انتظامات پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اداکار

پاکستان میں گور دواروں کی بہترین آرائش و تزئین اور انتظامات پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اداکار (فوٹو : فائل)

بھارتی پنجابی فلموں کے معروف اداکار گپی گیروال نجی دورے پر پاکستان پہنچے، ننکانہ صاحب میں گوردوارہ جنم استھان پر حاضری اور لاہور میں اہم مقامات کی سیر و شاپنگ بھی کی۔

ایکسپریس کے مطابق بھارت کے معروف اداکار اپنے ساتھیوں کے ہمراہ نجی دورے پر پاکستان آئے ہیں۔ انہوں نے پیر کے روز گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں حاضری دی۔ ننکانہ صاحب پہنچنے پر متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ گپی گیروال نے ننکانہ صاحب میں ماتھا ٹیکا اور مذہبی رسومات ادا کیں۔


اداکار گپی گیروال لاہورکے ایک مقامی ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔ لاہور میں انہوں نے معروف شاپنگ سینٹر سے خریداری کی جبکہ مختلف مقامات کی سیر بھی کی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی اداکار گور دوارہ دربار صاحب کرتار پور بھی جائیں گے۔



گپی گیروال نے پاکستان میں گور دواروں کی بہترین آرائش و تزئین اور انتظامات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہاں امن کے سفیر بن کر آئے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک میں امن اور دوستی قائم ہوسکے۔
Load Next Story